ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ساحلی کرناٹکا کے موسم میں غیر معمولی تبدیلی - وقت سے پہلے شروع ہو سکتی ہے برسات

ساحلی کرناٹکا کے موسم میں غیر معمولی تبدیلی - وقت سے پہلے شروع ہو سکتی ہے برسات

Wed, 05 Mar 2025 11:48:45    S O News

منگلورو ، 5 مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں موسم کی غیر معمولی تبدیلی اورمسلسل بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس مرتبہ مانسون سے پہلے والی بارشوں کا سلسلہ مقررہ وقت سے پہلے ہی شروع ہو سکتا ہے ۔

عام طور پراس خطے میں فروری کا مہینہ ٹھنڈا موسم لاتا ہے، لیکن امسال یہاں کا موسم غیر معمولی طور پر گرم رہا ہے ۔ گزشتہ ہفتے کے دوران، درجہ حرارت مسلسل 40 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا ہےاور گرم ہوائیں چل رہی ہیں ۔ مانسون سے قبل والی بارشیں عام طور پر مارچ کے آخر یا اپریل کے شروع میں متوقع ہوتی ہیں، لیکن موجودہ رجحان بتاتا ہے کہ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اگلے دو ہفتوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کچھ علاقوں میں جھلسا دینے والی گرمی نے پہلے ہی بادلوں کی تشکیل کا باعث بنی ہے اور حالیہ دنوں میں بعض علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہونےکی بھی اطلاع ہے۔ انڈیا میٹیریولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے جنوبی کنڑ اور اڈوپی اضلاع میں مزید مقامی بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس سے بڑھے ہوئے درجہ حرارت میں کمی آنے اور لوگوں کو کچھ راحت ملنے کے امکانات بن سکتے ہیں ۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال پری مانسون سیزن (مارچ-مئی) کے دوران، ساحلی اضلاع میں بارشوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ جنوبی کنڑا ضلع میں 386.9 ملی میٹر بارش ہوئی تھی، جو کہ اوسط سے  جو کہ 60% زیادہ تھی ۔  اسی طرح اڈپی میں  بارش معمول کی 200.8 ملی میٹر کے مقابلے میں 302.3 ملی میٹر تک پہنچ گئی تھی ۔ یعنی %51اضافہ دیکھا گیا تھا ۔  

اترا کنڑ میں بھی پری مانسون بارش میں گزشتہ سال 41 فیصد اضافہ ہوا تھا ۔ یہاں عام طور پر اس موسم میں ہونے والی 103 ملی میٹر بارش کے مقابلے میں 144.9 ملی میٹر بارش ہوئی تھی ۔ مجموعی طور پر، ساحلی علاقے میں 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، جو کہ متوقع مقدار سے 50 فیصد زیادہ ہے۔

یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز، بینگلورو کے ماہر موسمیات ڈاکٹر راجے گوڑا نے حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "شدید گرمی تیزی سے بادلوں کی تشکیل کا باعث بن رہی ہے، جس کی وجہ سے ایک ہفتے کے اندر مقامی طور پر بارش ہو سکتی ہے ۔ یہ بارش درجہ حرارت کو کم کرنے میں بھی مددگار ہو سکتی ہے ۔"

غیر معمولی موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر کہا جا سکتا ہے کہ ابتدائی بارش کے امکانات کی وجہ سے ساحلی اضلاع کے عوام کو جلد ہی شدید گرمی اور ناخوشگوار موسم  والے حالات سے کچھ راحت مل سکتی ہے ۔


Share: