بھٹکل 26 جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ انتظامیہ، تعلقہ پنچایت، بھٹکل میونسپالٹی اور جالی پٹن پنچایت کے اشتراک سے پیر کو بھٹکل کے تعلقہ اسٹیڈیم المعروف وائی ایم ایس اے میدان میں 77واں یومِ جمہوریہ پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر تحصیلدار ناگیندر کولشیٹی نے قومی پرچم لہرایا اور یومِ جمہوریہ کا پیغام دیا۔
اپنے خطاب میں تحصیلدار نے کہا کہ 26 جنوری 1950 کو بھارتی آئین کے نفاذ کے ساتھ ہی بھارت ایک خودمختار، سماج وادی، سیکولر اور جمہوری جمہوریہ کے طور پر ابھرا۔ انہوں نے کہا کہ آئین شہریوں کو مساوی حقوق دینے کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی، سالمیت اور سماجی انصاف کے تحفظ کی ذمہ داری بھی عائد کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت جیسے آئینی اصول ملک کے نظامِ حکومت کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ بھارتی آئین کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی دور اندیشی اور سماجی وابستگی کی بدولت ملک کے انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنیاد ملی ہے۔

تحصیلدار نے کہا کہ تعلقہ انتظامیہ حکومت اور عوام کے درمیان ایک اہم کڑی ہے اور فلاحی منصوبوں کے مؤثر نفاذ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔جنا اسپندنا اور تعلقہ سطح کی میٹنگوں کے ذریعے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے قانون کا احترام کرنے اور سرکاری اسکیموں سے صحیح استفادہ کرنے کی اپیل کی، جبکہ طلبہ اور نوجوانوں سے نظم و ضبط، ایمانداری اور حب الوطنی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر پولیس محکمہ اور اسکول و کالج کے طلبہ کی جانب سے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا۔ تعلیمی سال 2024–25 کے ایس ایس ایل سی امتحان میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے تعلقہ کے تین طلبہ کو فی کس 50 ہزار روپے کے چیک دیے گئے۔ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔
تقریب میں بلاک ایجوکیشن آفیسر وینکٹیش نائک، بلدیہ کے چیف آفیسر وینکٹیش ناؤڈا، پولس انسپکٹر دیواکر، جالی پٹن پنچایت کی صدر افشاں قاضیا، نائب صدر عمران لنکا، گارنٹی اسکیم کے صدر راجو منجپا نائک سمیت تعلقہ سطح کے دیگر افسران موجود تھے۔ تعلقہ پنچایت کے ایگزیکٹو آفیسر سنیل ایم نے استقبالیہ کلمات ادا کیے جبکہ استاد شری دھر شیٹ نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔