منگلورو 16/اکتوبر(ایس او نیوز): شہر کے معروف جنرل فزیشن ڈاکٹر ہارون حسین نے حال ہی میں پڈوچیری میں منعقدہ ورلڈ کانگریس آف ایمرجنسی میڈیسن (WCEM) میں ماہرِ وسیلہ (Resource Person) اور مقرر کی حیثیت سے شرکت کی اور میڈیکل کی دنیا میں اپنے تجربات شئیر کئے۔ دنیا بھر کے ماہرینِ طب کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے مقصد سے منعقدہ اس عالمی کانفرنس میں ایمرجنسی میڈیسن کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر ہارون حسین نے کہا کہ طب کا شعبہ محض مریضوں کے علاج تک محدود نہیں بلکہ یہ مسلسل سیکھنے، علم کے تبادلے اور باہمی تعاون کے ذریعے ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ خیالات کے تبادلے کو نہایت مفید اور معلومات افزا تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ، اس سے ان کے پیشہ ورانہ سفر میں قیمتی اضافہ ہوا۔ ڈاکٹر حسین نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی فورم میں شرکت ان کے لیے ایک ’’انتہائی قیمتی موقع‘‘ ثابت ہوئی۔
قابلِ ذکر ہے کہ ڈاکٹر ہارون حسین کا تعلق کرناٹک کے شہر ہاسن سے ہے، اور وہ فی الحال منگلورو کے ایم سی اسپتال میں کنسلٹنٹ انٹرنل میڈیسن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ جیریاٹرک سوسائٹی آف انڈیا کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔