ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو–منگلورو وندے بھارت ایکسپریس کو کاروار تک توسیع کی کوششیں: وزیر وی سومنا

بنگلورو–منگلورو وندے بھارت ایکسپریس کو کاروار تک توسیع کی کوششیں: وزیر وی سومنا

Sun, 08 Feb 2026 12:44:23    S O News
بنگلورو–منگلورو وندے بھارت ایکسپریس کو کاروار تک توسیع کی کوششیں: وزیر وی سومنا

دانڈیلی،  (اتر کنڑا) 8/فروری (ایس او نیوز)مرکزی وزیرِ مملکت برائے ریلوے وی۔ سومنا نے کہا  کہ بنگلورو سے منگلورو تک چلنے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو کاروار تک توسیع دینے کے لیے مرکزی حکومت سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ وہ ہفتہ کے روز دانڈیلی ریلوے اسٹیشن پر دانڈیلی سے الّناور کے درمیان شروع کی گئی نئی مسافر ریل سروس کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔

وزیر نے اس موقع پر بتایا کہ انکولا–ہبلی ریلوے لائن کو تقریباً 17 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کے منصوبے کو جلد ہی ضروری منظوری ملنے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ہی الّناور–دانڈیلی ریل سروس کو ہبلی تک توسیع دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں اس وقت تقریباً 52,952 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ریلوے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وزیر کے مطابق، تقریباً 3,840 کلومیٹر نئی ریلوے لائنوں کے منصوبے زیرِ عمل ہیں۔ اس کے علاوہ 707 اوور بریج اور انڈر بریج کی تعمیر، 61 ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش اور کئی دیگر اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کا کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو ٹرین سروسز فی الحال بند ہیں، انہیں ترجیحی بنیاد پر دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکنِ اسمبلی آر۔ وی۔ دیش پانڈے نے یاد دلایا کہ الّناور–دانڈیلی ریل سروس کا آغاز سابق مرکزی وزیر سریش انگڈی کی کوششوں سے ممکن ہوا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سروس کو مستقل بنانے کے لیے اسے ہبلی یا بیلگاوی سے جوڑا جائے اور اتوار کے دن بھی ٹرین چلائی جائے۔ اس کے علاوہ، بند پڑی ہبلی–پندھارپور براہِ راست ریل سروس اور میرج–کیسل راک مسافر ٹرین کو دوبارہ شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

نئے ریلوے روٹس سے متعلق معلومات:اس موقع پر رکنِ پارلیمنٹ وشویشور ہیگڑے کاگیری نے بتایا کہ تالگوپا–سرسی–منڈگوڈ–ہبلی ریلوے لائن کا سروے مکمل ہو چکا ہے اور فی الحال یہ منصوبہ ڈی پی آر مرحلے میں ہے۔ انہوں نے دانڈیلی ریلوے اسٹیشن کے لیے مناسب بس سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مرکزی حکومت کی اسکیمیں بلا امتیاز ضلع کے عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

پروگرام میں سابق اراکینِ اسمبلی سنیل ہیگڑے، روپالی نائک اور گھوٹنیکر، سب ڈویژنل افسر شروَن کمار، ہبلی ڈویژن کے ریلوے منیجر بیلامینا، کونکن ریلوے کی ڈویژنل منیجر آشا شیٹی، چیف کمرشل منیجر ایس۔ پی۔ شاستری، تحصیلدار شیلیش پرمانند سمیت کئی دیگر عہدیداران اور معزز شخصیات موجود تھیں۔


Share: