پتور ،31 / جنوری (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 75 پر نیراکٹے میں کنچنا کراس کے قریب سڑک کے کنارے ایک پل سے ٹکرانے کے بعد ایک کار میں آگ لگ گئی ۔ خوش قسمتی سے کار میں سوار افراد جان لیوا صورتحال سے بچ گئے ۔
خیال رہے کہ اس وقت علاقے میں قومی شاہراہ پر چار لین کا توسیعی کا کام جاری ہے اس وجہ سے صرف پرانی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کی اجازت ہے ۔ اس کے ساتھ ہی نئی شاہراہ کی تعمیر بھی جاری ہے۔
کل یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہاسن سے اپن انگڈی کی طرف سفر کر رہی کار مبینہ طور پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور نئے ہائی وے کی تعمیر کے حصے کے طور پربنے ہوئے ایک پل سے ٹکرانے سے پہلے سڑک کی مخالف سمت میں چلی گئی ۔
عینی شاہدین کے مطابق تصادم کے بعد انجن کے قریب آگ کے شعلے دیکھے گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے پور کار میں آگ لگ گئی ۔ گاڑی میں سوار ایک نوجوان اور نوجوان خاتون معمولی طور پر زخمی ہوئے اور وہ دونوں بر وقت کار سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے ۔
پتور سے فائر ٹینڈر نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا لیکن تب تک کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر جل چکا تھا ۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کر لیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں ۔