ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پنجاب میں سرکاری ملازمین کا 27 اگست کو ریاست گیر ہڑتال کا اعلان

پنجاب میں سرکاری ملازمین کا 27 اگست کو ریاست گیر ہڑتال کا اعلان

Tue, 25 Aug 2026 17:15:07    S O News

چندی گڑھ ، 25/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)پنجاب میں سرکاری ملازمین نے 27 اگست کو ریاست گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب کے رہنما  سکھ چین سنگھ کھیرا کے مطابق اس دن تمام سرکاری دفاتر بشمول ڈپٹی کمشنر آفس، ایس ڈی ایم آفس، ریونیو ڈپارٹمنٹ اور محکمہ ٹرانسپورٹ میں کام بند رہے گا۔

اس کے علاوہ محکمہ صحت، اسکولوں اور کالجوں کے عملے کے ساتھ ساتھ پنشنرز بھی ہڑتال کی حمایت کریں گے۔ ملازمین کا الزام ہے کہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی ہدایات کے باوجود حکومت ڈی اے کی 18 فیصد قسطوں اور بقایا جات کو جاری کرنے میں ناکام رہی ہے۔وہ زیر التواء 18 فیصد ڈی اے کے اجراء، اولڈ پنشن سکیم (او پی ایس) کے نفاذ اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مڈ ڈے میل کارکنوں، آشا کارکنوں اور آنگن واڑی کارکنوں کے لیے کم از کم اجرت کے نفاذ، اشیورڈ کیرئیر پروگریشن (اے سی پی) اسکیم کی بحالی اور 17 جولائی 2020 کے بعد بھرتی کیے گئے ملازمین کے لیے پنجاب پے اسکیل کے نفاذ کا بھی مطالبہ کیا۔ احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ بار بار یقین دہانی کے باوجود ریاستی حکومت ان کے مطالبات کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس سے قبل 7 اگست کو سرکاری ملازمین اور پنشنرز کا ایک بڑا مظاہرہ ہوا تھا۔

چندی گڑھ میں پنجاب حکومت کے ہزاروں ملازمین نے اپنے زیر التوا مطالبات کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے ایک زبردست احتجاج کیا تھا۔ مختلف محکموں کے ملازمین سیکٹر 39 کے دانا منڈی گراؤنڈ میں جمع ہوئے تھے۔ احتجاج کے دوران ملازمین نےعام آدمی پارٹی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور رکاوٹیں توڑنے کی کوشش کی۔ چندی گڑھ پولیس نے مظاہرین کے خلاف واٹر کینن کا بھی استعمال کیا۔


Share: