ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : 28 فروری سے پی یو سی امتحانات - اتر کنڑا سے 14,484 طلبہ - ویب کاسٹنگ کے ذریعے نگرانی

کاروار : 28 فروری سے پی یو سی امتحانات - اتر کنڑا سے 14,484 طلبہ - ویب کاسٹنگ کے ذریعے نگرانی

Thu, 26 Feb 2026 18:40:23    S O News

کاروار 26 / فروری (ایس او نیوز) اتر کنڑا ضلع انتظامیہ اور پری یونیورسٹی محکمہ تعلیم نے 28 فروری سے شروع ہونے والے پی یو سی کے امتحانات کو بحسن و خوبی منعقد کرنے کے لئے ضروری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
    
28 فروری کو شروع ہو کر 17 مارچ کو اختتام پزیر ہونے والے پی یو سی امتحانات کے لئے ضلع اتر کنڑا میں 35 امتحانی مراکز ہونگے ، ان میں سے تا حال کسی بھی سینٹر کو 'حساس' قرار نہیں دیا گیا ہے ۔ ان مراکز سے آرٹس سیکشن سے 3171، کامرس کے 5210 اور کامرس سیکشن سے 5257 جملہ 14,484 طلبہ امتحان دیں گے جن میں 8545 لڑکیاں اور 5939 لڑکے ہونگے ۔  
     
ان امتحانات کی سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی کی جائے گی ۔ کاروار کے ضلع پنچایت دفتر سے ضلع کے تمام سینٹرز پر نظر رکھی جائے گی ۔ اس کے علاوہ بینگلورو میں واقع محکمہ تعلیمات کے کمشنر اور سیکریٹری کے دفاتر سے بھی ویب کاسٹنگ کے ذریعے نگرانی کی جائے گی ۔ امتحانی مراکز میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کو انٹرنیٹ سے جوڑ کر اس کا تجربہ کیا جا رہا ہے ۔ چونکہ اس مرتبہ پی یو سی کا امتحان دینے والے طلبہ ویب کاسٹنگ نگرانی میں ایس ایس ایل سی کا امتحان دے چکے ہیں اس لئے وہ اس سسٹم سے آشنا ہیں۔
    
ضلع کے ہر امتحانی مرکز کے لئے ایک سٹنگ اسکواڈ، پانچ ڈسٹرکٹ اسکواڈ اور ایک ڈی ڈی پی آئی کے اسکواڈ سمیت جملہ 41 اسکواڈز امتحانات کی نگرانی پر مامور ہیں ۔ ہر مرکز کی تمام تر ذمہ داری چیف سپرنٹنڈنٹ کو سونپی گئی ہے ۔ سوالات اور جوابات کے پرچوں کو لانے لے جانے کے لئے جی پی ایس لگائی گئی گاڑیوں کا استعمال کیا جائے گا ۔ 
    
ضلع ڈپٹی کمشنر نے طلبہ اور والدین سے کہا ہے کہ وہاٹس ایپ، انسٹاگرام جیسے سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر امتحانی پرچے لیک ہونے کے تعلق سے اڑائی گئی خبروں پر توجہ نہ دیں ۔ ایسی افواہیں اڑانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی تنبیہ دی گئی ہے ۔ ایک خاص بات یہ ہے کہ پچھلے سالوں کی طرح امسال امتحان سے قبل پڑھائی کے لئے تعطیلات نہیں دی گئیں بلکہ امتحان سے ایک روز قبل تک کالج میں حاضری کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔
    
محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے امتحانی مراکز تک آنے جانے کے لئے طلبہ سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔


Share: