بھٹکل ، 13 / جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل کے سمندر میں واقع نیترانی جزیرے پر بحری فوج کی طرف سے ہتھیاروں کی تربیتی مشق کا انعقاد کرنے کے خلاف مقامی ماہی گیروں اور سی ایڈوینچر اوراسکوبا ڈائیونگ کی سرگرمیاں انجام دینے والوں نے پھر ایک بار آواز اٹھائی ہے ، جس کی وجہ سے بحری فوج کے لئے ایک نئی مشکل کھڑی ہوگئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ تین چار دن پہلے نیوی والوں نے یہاں ہتھیاروں کی تربیت کا پروگرام منعقد کرنے کی کوشش کی تو ماہی گیری اور سی ایڈوینچر میں دلچسپی رکھنے والوں نے اس کی سخت مخالفت کی جس کے بعد نیوی کے جوانوں کو وہاں سے واپس لوٹنا پڑا ۔
نیترانی جزیرے کو ایک مقدس مقام کے طور پر شہرت حاصل ہے ۔ اس کے علاوہ یہ حیاتیاتی تنوع کا بھی بڑا اہم مقام ہے ۔ اس لئے یہاں پر ماہی گیروں اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے والوں کی طرف سے بحری فوج کی تربیتی مشق کے خلاف اس سے قبل بھی آوازیں اٹھتی رہی ہیں ۔
اس کے علاوہ اس معاملے کو عدالت تک لے جانے کے بعد بحری فوج کی مشق پر اسٹے بھی حاصل کیا گیا تھا ۔ لیکن اس کے بعد عدالت نے ملکی سلامتی کے پہلو سے اس مسئلے کو دیکھتے ہوئے بحری فوج کے حق میں فیصلہ سنایا تھا ۔ اس وجہ سے نیترانی جزیرے کے علاوہ قریب کے دوسرے چھوٹے جزیرے پر بھی نیوی کی طرف سے ہتھیاروں کی مشق کی جاتی ہے ۔ نیترانی جزیرہ انڈین نیوی کی تحویل میں ہے اور یہاں ہتھیاروں کی تربیت کا پروگرام دو دن تک چلتا ہے ، جس کی اطلاع ڈسٹرکٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ کے علاوہ محکمہ بندرگاہ، ماہی گیری، کوسٹل پولیس سمیت تمام متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ افسران کو دی جاتی ہے ۔ ہتھیاروں کی مشق کا یہ پروگرام کبھی مہینے میں ایک مرتبہ، کبھی دو مرتبہ اور کبھی دو مہینے یا تین مہینے میں ایک بار چلایا جاتا ہے جس کے دوران اس جزیرے پر سیر و تفریح یا کے اطراف میں تین سے پانچ ناٹیکل میل کے احاطے میں ماہی گیری اور دوسری سرگرمیوں پر پابندی لگائی جاتی ہے ۔
ماہی گیروں اور سی ایڈوینچر والوں کا کہنا ہے کہ اس طرح مشقیں جب ہوتی ہیں تو ان کے لئے بڑے مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ اس کے علاوہ پیشگی اطلاع دئے بغیر ہی جزیرے پر فائرنگ کی مشق کرنے سے دہشت پیدا ہوتی ہے ۔ سیاحوں کے لئے خوف و تشویش پیدا ہوتی ہے ۔ اس کی وجہ سے ٹورازم انڈسٹری کو بھی نقصان پہنچتا ہے ۔ یہاں پر اسکوبا ڈائیونگ اور دیگر سرگرمیاں چلانے والوں کو ہتھیاروں مشق کے لئے ہر مہینے اور دو مہینے میں مسلسل دو دو دن تک تمام سرگرمیاں بند رکھنے کی وجہ سے لاکھوں روپوں کا نقصان ہوتا ہے ۔ اس پس منظر میں سیاحتی سرگرمیوں سے جڑے ہوئے ریسارٹ، ہوم اسٹے، ہوٹل کے کاروباریوں کے علاوہ واٹر اسپورٹس، سی ایڈوینچر، ماہی گیری میں مصروف لوگوں کی طرف سے اس علاقے میں فوجی مشق کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔