کاروار ، 13 / جنوری (ایس او نیوز) اتر کنڑا کے ہلیال اور انکولہ میں دو الگ الگ سڑک حادثے پیش آئے جس میں چار افراد ہلاک ہوگئے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہلیال میں ڈونکا نالہ کراس پر لاری اور بائک کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں بائک پر سوار دونوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ، جن کی شناخت سدّو بیرو جورے (19 سال) اور جانا بائی سکا رام پانڈو رامسے (35 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد بھاگوتی سے ہلیال کی طرف جا رہے تھے ۔
اسی طرح انکولہ میں نیشنل ہائی وے 63 پر بولیا جمگوڈ کے پاس ایک کار بے قابو ہو کر الٹ گئی اور کار میں موجود ایک جوڑا ہلاک ہوگیا جن کی شناخت ممبئی کے اندھیری میں رہنے والے ناگیندرا سداشیوا بھٹکل (72 سال) اور ان کی بیوی سدھا ناگیندر بھٹکل (65 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے حادثے کا شکار ہونے والی کار میں پانچ افراد سفر کر رہے تھے ۔ جن میں سے دو کی موت واقع ہوئی اور نمیتا نتیا نندا نائیک (56 سال)، دیپتی وشواس پربھو (36 سال) اور منگلورو کے نیتیا نندا وامن نائیک نامی مسافر زخمی ہو گئے ۔ دیپتی کو شدید چوٹ لگنے کی وجہ سے اسے کاروار کے سول اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ناگیندرا سدا شیوا بھٹکل کے اہل خانہ ایک مذہبی پروگرام کے لئے انکولہ کے مندر میں تین دن سے ٹھہرے تھے ۔ اپنی پوجا پاٹ کی رسومات مکمل کرنے کے بعد وہ لوگ جب منگلورو کی طرف واپس لوٹ رہے تھے تو یہ حادثہ پیش آیا جس میں کار بے قابو ہو کر نالے میں الٹ گئی ۔
حادثے میں کار پوری طرح چکنا چور ہوگئی اور اس میں پھنسے ہوئے مسافروں کو مقامی لوگوں نے باہر نکالنے کی کارروائی انجام دی ۔
دونوں معاملات میں پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا اور ضروری کارروائی انجام دی ۔