پھر اکھلیش اور راہل کے نشانے پر رہے مودی،دونوں لیڈروں کی مشترکہ ریلی
جھانسی، 19؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ایس پی صدر وزیر اعلی اکھلیش یادو اور کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں عوام بی جے پی سے نوٹ بند ی کے زخموں کا بدلہ لے گی۔اکھلیش اور راہل نے یہاں ایس پی اور کانگریس اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں منعقد مشترکہ ریلی میں شرکت کی۔اس دوران اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی نے نوٹ بند ی کرکے غریبوں کو لائن میں لگادیا،اس بار پھر سب لائن میں لگ کر بی جے پی کے خلاف ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو یہ محسوس ہو چکا ہے کہ عوام کا رخ اس کے خلاف ہے،اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور چوتھے مرحلے کے بعدبی جے پی کے تمام لیڈروں کا بلڈ پریشر ناپنا پڑے گا۔وزیر اعظم کو جب تقریر کے دوران پانی کی ضرورت پڑے اورپسینہ پوچھنے کی ضرورت پڑے ،تو سوچو ،عوام ان کا کتنا پسینہ نکالے گی ۔کانگریس نائب صدر راہل نے اس موقع پر کہا کہ جب سے اکھلیش اور ان کی دوستی ہوئی ہے، اس کے بعد سے مودی کا ’موڈ‘ہی تبدیل ہو گیا ہے، پہلے ان کے چہرے پر جو مسکراہٹ ہوتی تھی، اب وہ غائب ہو گئی ہے، ان کو بھی معلوم ہو گیا ہے کہ اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کی حکومت آنے والی ہے، جس طرح بہار اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد مودی کے منہ سے ’بہار‘کا لفظ نہیں نکلا، اسی طرح انتخابات کے بعد مودی کے منہ سے 2019تک اتر پردیش بھی نہیں نکلے گا۔راہل نے کہا کہ ریاست کو اچھے دنوں کا خواب دکھانے والے مودی اب ڈھائی سال گزر جانے کے بعد شعلے فلم کے گبر سنگھ کی طرح سلوک کر رہے ہیں اور لوگوں سے کہتے ہیں کہ وہ بدعنوانی سے لڑنا چاہتے ہیں، اس لیے آپ کی گاڑھی کمائی کے پیسوں کو ردی کے کاغذ میں تبدیل کر دیا ہے، اب عوام اس الیکشن میں ان سے بدلہ لے گی۔اکھلیش نے کہا کہ ان کی حکومت نے خشک سالی سے دوچار بند یل کھنڈ کی مدد کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا ہے،مودی بتائیں کہ انہوں نے خالی واٹر ٹرین بھیجواکر بندیل کھنڈ کی کون سی مدد کی ہے؟وزیر اعظم یہاں اگر آتے ہیں تو وہ بتائیں کہ انہوں نے اس علاقے کے لیے کیا کیا؟۔