کشی نگر، 24؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی اور ممبر پارلیمنٹ رمیش پوکھریال نشنک نے کہا کہ یوپی میں ڈبل انجن کی حکومت کی ضرورت ہے۔رائے دہندگان نے جس طرح 2014میں شاندار جوش و خروش کا مظاہرہ کرکے ملک میں مودی جی کی حکومت بنائی تھی ، ٹھیک اسی طرح کا جوش یوپی میں بھی نظر آتا ہے۔سابق وزیر اعلی جمعہ کو کشی نگر میں بی جے پی امیدوار رجنی کانت منی ترپاٹھی کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ڈبل انجن سے مراد ملک اور ریاست میں بی جے پی کی حکومت ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست کی ایس پی حکومت مرکز کے لاکھ چاہنے کے بعد ترقیاتی منصوبوں کو زمین پر نہیں اترنے دیا ، عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کے تحت مرکز نے ریاست کو اربوں کا بجٹ دیالیکن ریاستی حکومت نے اس بجٹ کا صحیح طریقے سے استعمال نہیں کیا ، ورنہ ریاست کی تصویر ہی کچھ اور ہوتی۔اتراکھنڈکے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ یوپی کے لوگ سابقہ کلیان سنگھ حکومت کو یاد کر رہے ہیں، اس وقت ریاست میں قانون کی حکمرانی تھی ، ترقی کے معنی ہوتے تھے اور ریاست کی سمت اور حالت طے تھی،لیکن گزشتہ 15سالوں میں ٹھیک اس کے برعکس صورت حال ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی حالت اور سمت طے نہیں ہے، عام آدمی چوراہے پر کھڑا ہے،مایوس، پریشان اور حیران ہے، یہی وجہ ہے کہ اس اسمبلی الیکشن میں سماج وادی پارٹی کی سائیکل پنکچر ہو گئی ہے اور بی ایس پی بیساکھیوں پر کھڑی ہو چکی ہے۔سابق وزیر اعلی نے کانگریس کو ڈوبتا جہاز بتایا۔انہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں نے 15سالوں میں عوام کو بہت کچھ دکھا دیا، ریاست کو طبقہ ، ذات، مذہب اور علاقے میں تقسیم کر دیا، لیکن اب لوگوں نے ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنانے کا من بنا لیا ہے، اسمبلی انتخابات میں بی جے پی مکمل اکثریت کی حکومت بنانے جا رہی ہے۔