لکھنؤ،25؍فرو ری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے میں کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے پارلیمانی حلقہ امیٹھی سمیت 11اضلاع کی 51سیٹوں کے انتخابات کے لیے تشہیری مہم آج ختم ہو گئی ۔ریاست کے چیف الیکشن افسر کے دفتر کے مطابق پانچویں مرحلے کے انتخابات کے لیے مہم کا عمل آج ختم ہو گیا ہے۔اس مرحلے میں بلرام پور، گونڈہ ، فیض آباد، امبیڈکر نگر، بہرائچ، شراوستی، سدھارتھ نگر ، بستی، سنت کبیر نگر، امیٹھی اور سلطانپور اضلاع کی 51سیٹوں پر آئندہ 27؍فروری کو پولنگ ہوگی۔اس مرحلے میں 96لاکھ خواتین سمیت تقریبا ایک کروڑ 84لاکھ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔امبیڈکر نگر کی الاپور سیٹ پر ایس پی امیدوار چندر شیکھر کنوجیا کی موت کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے وہاں کا الیکشن ملتوی کر دیا ہے۔اب اس سیٹ کے لیے آئندہ 9 مارچ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔2012میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں الاپور کو ملا کر کل 52سیٹوں پر الیکشن ہوئے تھے ، جن میں سے ایس پی کو 37سیٹیں ملی تھیں، اس کے علاوہ بی جے پی اور کانگریس کو 5-5، بی ایس پی کو 3 اور پیس پارٹی کو 2 نشستیں حاصل ہوئی تھیں، جبکہ شراوستی، بلرام پور، سلطانپور اور امبیڈکر نگر میں ایس پی نے سبھی سیٹیں جیت لی تھیں۔پانچویں مرحلے کے انتخابات میں امیٹھی سیٹ سے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر ایس پی کے متنازعہ لیڈر گایتری پرجاپتی کے ساتھ ساتھ کانگریس امیدوار امیتا سنگھ اور بی جے پی امیدوار گریما سنگھ کی ساکھ داؤ پر ہے، اس کے علاوہ ریاستی حکومت کے وزیر ایس پی یادو، ونود کمار سنگھ عرف پنڈت سنگھ، تیج نارائن پانڈے عرف پون پانڈے اور بی ایس پی کے ریاستی صدر رام اچل راج بھر کی سیاسی حیثیت کا اندازہ بھی اس مرحلے کے انتخابات میں لگ جائے گا۔