صنعاء،29مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یمن کی قومی فوج اور عرب اتحاد کی انجینئرنگ ٹیموں نے حجہ گورنری میں واقع علاقے میدی میں قریباً پندرہ سو بارودی سرنگیں تباہ کردی ہیں۔یمنی فوج کے پانچویں ملٹری ریجن کے میڈیا سنٹر نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثی ملیشیا اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار جنگجوؤں نے مختلف مقاصد کے لیے یہ بارودی سرنگیں بچھا رکھی تھیں۔انھوں نے نظامت کے آس پاس کے علاقوں ،فارموں اور شاہراہوں پر بھی یہ بارودی سرنگیں نصب کر رکھی تھیں۔انجینئرنگ ٹیموں نے ان بارودی سرنگوں کو تلف یا تباہ کردیا ہے کیونکہ ان سے عام شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرات پیدا ہوگئے تھے اور وہی ان کا ہدف بن رہے تھے۔ یمنی فوج کی انجینئرنگ ٹیموں کی بارودی سرنگیں تلف کرنے کی یہ چھٹی بڑی کارروائی ہے۔
دریں اثناء عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت صنعا کے مشرق میں واقع علاقوں نم اور الحول میں حوثی ملیشیا اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار جنگجوؤں کے مختلف ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ان محاذوں پر یمنی فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید جھڑپوں کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔یمن کی قومی فوج نے سطح مرتفع پر واقع ارحب نظامت کے نزدیک تزویراتی اہمیت کی حامل دو اہم جگہوں کو بھی بحال کردیا ہے۔