اٹاوہ،17فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادونے کہاکہ وہ جس پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں، وہی حقیقی سماجوادی پارٹی(ایس پی)ہے اور جو لوگ اس پارٹی کوکمزورکرناچاہتے ہیں وہ ہوشیاررہیں۔اکھلیش نے اٹاوہ میں واقع نمائش میدان میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کسی کا نام لئے بغیرکہاکہ ہم جن پر انحصار کرتے تھے ان ہی لوگوں نے میرے اورنیتا جی(ملائم سنگھ یادو) کے درمیان اختلافات پیدا کئے،ہمارے درمیان جنگ کرا دی اورہم سے سائیکل چھیننے کی کوشش کی،مجھے سازش کرکے پارٹی سے باہر کر دینا چاہتے تھے، ہم نے ان کے منصوبے پورے نہیں ہونے دیئے۔اکھلیش نے کہاکہ جو لوگ مجھے ہی کمزورکر دینا چاہتے تھے، وہی لوگ نئی پارٹی بنانے جا رہے ہیں،پورری ریاست سے ہٹ کر یہاں لڑا جا رہا ہے،یہاں ہمیں شکست دینے کا کام کیا جا رہا ہے،اٹاوہ کے لوگ کسی بہکاوے میں نہیں آئیں۔واضح رہے کہ اکھلیش کے سیاسی حریف ان کے چچا شوپال سنگھ یادو نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ 11مارچ کو ریاستی اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعدنئی پارٹی بنائیں گے۔انتخابات سے عین پہلے ایس پی، اکھلیش اورشیو پال کے درمیان تقسیم ہو گئی تھی، اگرچہ زیادہ ترممبران اسمبلی اورکارکنوں کی حمایت کے بل بوتے اکھلیش اپنے چچازادپربھاری پڑے تھے۔