کولکا تا ، 25؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے امریکہ کے کینساس میں ایک ہندوستانی انجینئر کے قتل پر آج افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نفرت کی سیاست کی حمایت نہیں کرتیں۔ممتا نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کے کینساس میں ایک ہندوستانی انجینئر سے منسلک واقعہ پر رنجیدہ اور حیران ہوں،ہم نفرت کی سیاست کی حمایت نہیں کرتے۔انہوں نے کہاکہ دنیا ایک بڑا خاندان ہے،مختلف ممالک کے لوگ مختلف ممالک میں رہتے ہیں، ہمیں یہ سمجھنا چاہیے ۔قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں 32سالہ ایک ہندوستانی انجینئر کو گولی مارکر ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ اس کادوسرا ہندوستانی ساتھی زخمی ہو گیاتھا، جب امریکی بحریہ کے ایک ریٹائرڈ اہلکار نے بالواسطہ طور پر نفرت سے متاثر ایک جرم میں ان پر حملہ کردیا تھا ۔