چنڈی گڑھ، 15فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ہریانہ میں تعلیمی اداروں اور سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کی مانگ کو لے کر جاٹ برادری کی طرف سے جاری احتجاج کا آج 18دن ہو گیا۔ریزرویشن تحریک کی قیادت کر رہے آل انڈیا جاٹ ریزرویشن سنگھرش سمیتی(اے آئی جے ایس ایس) کے صدر یشپال ملک نے کہا کہ ہریانہ کے تمام اضلاع میں احتجاج جاری ہیں،ہماری تحریک پرامن ہے،تاہم اب تک دھرنا مظاہر پرامن رہے ہیں، جاٹ لیڈروں نے مطالبات پورے نہ کئے جانے پر 19فروری کے بعد تحریک تیز کرنے کی دھمکی دی ہے۔دیگر پسماندہ طبقے کے تحت تعلیم اور سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ جاٹ گزشتہ سال ہوئی تحریک کے دوران جیل بھیجے گئے کمیونٹی کے ارکان کی رہائی، ان کے خلاف درج کیس واپس لینے اور مظاہرے کے دوران مارے گئے لوگوں کے قریب ترین رشتہ داروں اور زخمیوں کو نوکری دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔تحریک کر رہے جاٹوں سے بات چیت کے لئے ریاست کی بی جے پی حکومت نے اس ہفتے کے شروع میں چیف سکریٹری ڈی ایس دھیسی کی صدارت میں پانچ رکنی کمیٹی کا قیام کیا تھا۔گزشتہ سال تحریک کے دوران ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ملک میں مختلف جگہوں پر 19فروری کو یوم قربانی کے طور پر منایا جائے گا۔جاٹ تحریک کو دیکھتے ہوئے حساس علاقوں میں نیم فوجی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ ریاستی پولیس سخت الرٹ ہے۔ریاست میں گزشتہ سال ہوئی جاٹ تحریک کے پر تشدد ہونے کے بعد کم از کم 30افراد ہلاک ہو گئے تھے اور کروڑوں روپے کی جائیداد کو نقصان پہنچا تھا۔حکام نے کہا کہ اس بار ریاست میں زیادہ سے زیادہ نگرانی برتی جا رہی ہے۔