نئی دہلی ،27مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ چکے سری لنکا کے عظیم بلے باز سنگاکارا نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں مسلسل پانچویں سنچری جڑتے ہوئے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس کارنامے کے ساتھ ہی سنگاکارا نے اپنے کرکٹ کیریئر کی 99 ویں سنچری لگائی ہے۔کاؤنٹی چیمپئن شپ میں سرے کی جانب سے کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 177 رنز کی اننگز کھیل کر انہوں نے یہ کامیابی حاصل کی ۔ سرے کی جانب سے مسلسل پانچ سنچری بنانے والے سنگاکارا پہلے بلے باز بن چکے ہیں۔ 2015 ورلڈ کپ کے دوران کمار سنگاکارا نے تاریخ رقم کی تھی، وہ ون ڈے میں مسلسلچار سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بنے تھے۔ یہی نہیں، وہ کسی ایک ورلڈ کپ میں چار سنچری جڑنے والے بھی پہلے بلے باز ہیں۔اگرچہ 2017 سنگاکارا کا آخری کاؤنٹی سیشن ہوگا۔ اس کا اعلان انہوں نے پہلے ہی کر دیا تھا۔ اس سیشن کے بعد وہ انگلینڈ کے اس گھریلو کرکٹ کو بھی ہمیشہ کے لئے الوداع کہہ دیں گے۔