واشنگٹن،25جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی اہلکاروں نے خبر دی ہے کہ دو چینی جنگی جہازوں نے مشرقی چین کے سمندر میں امریکی بحریہ کے ایک جاسوس طیارے کو علاقے سے نکلنے پر مجبور کر دیا۔خبر رساں ایجنسی رائیٹر نے اطلاع دی ہے کہ اس کارروائی کے دوران چین کا ایک جنگی جہاز امریکی بحریہ کے جہاز سے محض 300فٹ(91میٹر)کے فاصلے تک پہنچ گیا تھا۔دو امریکی اہلکاروں نے رائیٹرز کو بتایا کہ چینی جنگی جہاز J-10اتوار کے روز امریکہ کے جہاز EP-3کے انتہائی قریب پہنچ گیا تھا جس کے باعث امریکی جہاز فوری طور پر اپنا رُخ تبدیل کر نے پر مجبور ہو گیا۔ امریکی اہلکاروں نے یہ بات شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی کیونکہ اُنہیں ایسی اطلاعات پبلک کو فراہم کرنے کا اختیار نہیں تھا۔ایک اہلکار نے بتایا کہ چینی جہاز ہتھیاروں سے لیس تھے اور یہ واقعہ چین کے شہر کنگ داؤ سے 80ناٹیکل میل دور پیش آیا۔
اتوار کو پیش آنے والا یہ واقعہ اپنی نوعیت کا واحد واقعہ نہیں ہے اور ماضی میں بھی ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ مئی میں بھی چین کے مشرقی سمندر میں چین کے SU-30جہاز نے ایک امریکی جاسوس طیاروں کو راستہ بدلنے پر مجبور کر دیا تھا جو بین الاقوامی فضا میں تابکاری کے اثرات کا جائزہ لے رہا تھا۔چین اپنے سمندری علاقے میں امریکہ کی فوجی نوعیت کی کارروائیوں کو شک و شبہے کی نظر سے دیکھتا آیا ہے۔