واشنگٹن، 5/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)امریکہ میں ہند نژاد 6 اراکین پارلیمنٹ نے گزشتہ روز ہاؤس آف ری پریزینٹیٹیوس کے رکن کے طور پر حلف اٹھایا۔ یہ پہلا موقع ہے جب امریکی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں 6 ہند نژاد اراکین ایک ساتھ پہنچے ہیں۔ ان اراکین پارلیمنٹ میں امی بیرا، پرمیلا جئے پال، رو کھنہ، راجا کرشن مورتی، شری تھانیدار اور سہاس سبرامنیم شامل ہیں، جنہوں نے اس تاریخی موقع پر حلف اٹھا کر امریکہ کی سیاست میں ایک نئی تاریخ رقم کی۔
حلف برداری کے بعد ہند نژاد امریکی رکن پارلیمنٹ امی بیرا نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا "جب میں 12 سال قبل پہلی مرتبہ امریکی پارلیمنٹ پہنچا تھا تو واحد ہند-امریکی رکن تھا اور امریکی تاریخ میں صرف تیسرا۔ اب ہمارا اتحاد 6 اراکین والا ہے۔ میں آنے والے برسوں میں ایوان کانگریس میں اور زیادہ ہند نژاد امریکیوں کا استقبال کرنے کے لیے پُرجوش ہوں"۔
امی بیرا کے اس پوسٹ کے بعد امریکی سیاست میں 'سموسا کاکس' لفظ کا ایک بار پھر ذکر ہونے لگا ہے۔ اس سے پہلے 2016 میں بھی یہ لفظ خوب سرخیوں میں رہا تھا۔ تب پہلی بار 5 ہند نژاد امریکی منتخب ہو کر آئے تھے، جس میں ہاؤس آف ری پریزینٹیٹیو کے رکن راجا کرشن مورتی بھی تھے۔ کرشن مورتی نے ہی اس لفظ کو گڑھا تھا۔ دراصل امریکی پارلیمنٹ کے اندر ہندوستانی نسل کے اراکین پارلیمنٹ اور نمائندہ گروپ کو 'سموسا کاکس' کہا گیا ہے۔ اس بار 6 اراکین امریکہ کے ایوان زیریں میں ہیں۔ 'سموسا' ہندوستانی ڈِش ہے اور دنیا بھر میں یہ مشہور ہے۔ اس لیے اسے ہندوستانی نسل کے اراکین سے جوڑا گیا ہے۔
کیلیفورنیہ سے منتخب امی بیرا نے مسلسل ساتویں بار حلف لیا ہے۔ امریکی پارلیمنٹ میں بیرا سب سے سینئر ہندوستانی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ ورجینیا سے منتخب سہاس سبرامنیم ہاؤس آف ری پریزینٹیٹیوس میں سب سے نئے ہند نژاد رکن ہیں۔ عہدے کا حلف لینے کے بعد سہاس نے کہا کہ وہ کام کرنے کے لیے کافی پُر جوش ہیں۔ کیلیفورنیا کے 17ویں کانگریس ضلع سے رو۔ کھنہ اور الینوئس کے آٹھویں کانگریس ضلع سے راجا کرشن مورتی منتخب ہوئے ہیں۔ ہند نژاد خاتون رکن پارلیمنٹ پرمیلا جئے پال واشنگٹن کے ساتویں کانگریس ضلع سے منتخب ہوئی ہیں۔ وہ اس ایوان میں پہلی اور اکیلی ہند نژاد خاتون رکن پارلیمنٹ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ دلیپ سنگھ سوند ہاؤس آف ری پریزینٹیٹیوس میں منتخب ہونے والے سب سے پہلے ہندوستانی رکن پارلیمنٹ تھے۔ وہ 1957 میں منتخب کے گئے تھے۔ اس کی 5 دہائی کے بعد بابی جندل 2005 میں رکن پارلیمنٹ بنے تھے۔