ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کر دی پاکستان کے دوعظیم کھلاڑی یونس خان اورمصباح الحق کوشاندارالوداعی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کر دی پاکستان کے دوعظیم کھلاڑی یونس خان اورمصباح الحق کوشاندارالوداعی

Tue, 16 May 2017 12:28:33  SO Admin   S.O. News Service

ڈومینیکا،15مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 101 رنز سے شکست دے دی ہے۔اس فتح کے نتیجے میں پاکستان یہ سیریز دو ایک سے جیتنے میں کامیاب ہوا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز ہرائی ہے۔اتوار کو کھیل کے آخری دن ڈومینیکا کے ونڈسر سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔پاکستان کی اس جیت میں کئی بار اعصاب شکن مراحل آئے۔ ایک مرحلے پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی تاہم پاکستان نے سکینڈ لاسٹ اوور میں کامیابی حاصل کی۔ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین شینن گیبریئل تھے جنھیں یاسر شاہ نے بولڈ کر کے پاکستان کو تاریخ ساز کامیابی دلائی۔
پاکستان کے سپنر یاسر شاہ کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا، انھوں نے اس سیریز میں 25 وکٹیں حاصل کیں۔اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی سر زمین پر پہلی مرتبہ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا اور ساتھ ساتھ اپنے کریئر کا آخری میچ کھیلنے والے یونس خان اور کپتان مصباح الحق کو بھی یادگار انداز میں رخصت کیا۔مہمان ٹیم کی جانب سے روسٹن چیز نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 101 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے تاہم ان کی یہ اننگز بھی ویسٹ انڈیز کو شکست سے نہ بچا سکی۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے پانچ، حسن علی نے تین، جب کہ محمد عامر اور محمد عباس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے میچ کے چوتھے دن پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 174 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی۔مہمان ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے اور محمد عامر نے آٹھویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 247 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے نتیجے میں پاکستان کو 129 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔بدھ کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔


Share: