نئی دہلی،13اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سوربھ گنگولی نے مہندر سنگھ دھونی کو ون ڈے کا چمپئن کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ٹی 20 فارمیٹ میں ان کی کارکردگی پر شک ظاہر کیا ہے۔ اس کے پیچھے کی وجہ طویل وقت سے دھونی کی خراب کارکردگی ہے، جس سے گانگولی انتہائی خفا نظر آ رہے ہیں، اس کے بعد سے دھونی کے کچھ مداح گانگولی کے اس بیان پر تنقید بھی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔گانگولی کا کہنا ہے کہ مجھے اس بات پر شک ہے کہ دھونی اچھے ٹی 20 کھلاڑی ہیں، وہ ون ڈے انٹرنیشنل کے لیے چمپئن کھلاڑی ہیں لیکن ٹی 20 کرکٹ میں 10 سال میں انہوں نے صرف ایک نصف سنچری لگائی ہے اور یہ بہترین ریکارڈ نہیں ہے۔ٹی 20 میچوں میں دھونی کی مایوس کن کارکردگی کے بعد گانگولی نے اس طرح کا بیان دیا ہے۔ بتا دیں کہ رائزنگ پونے سپرجائٹس کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد دھونی آئی پیایل میں پہلی بار محض بطور کھلاڑی ہی کھیل رہے ہیں اور اس سیشن میں ان کی کارکردگی بھی مداح کو بیتاب کر رہی ہے۔ 35 سال کے اس کھلاڑی نے آئی پی ایل 10 کے 3 میچوں میں بالترتیب 12، 5 اور 11 رنز ہی بنائے ہیں۔گانگولی نے کہا کہ میں چمپئنز ٹرافی کے لئے دھونی کو منتخب کروں گا لیکن اسے رن بنانے ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا کے سابق کپتان مچل کلارک کا بھی خیال ہے کہ دھونی کو بلے سے رنز بنانے ہوں گے۔
بتا دیں کہ اس سے پہلے آئی پی ایل ٹیم رائزنگ پونے سپرجایٹس کے مالک کے بھائی ہرش گوینکا نے بھی دھونی پر نشانہ لگایا تھا۔ہرش گوینکا نے ٹوئٹ کرکے ا سٹیو سمتھ کو جنگل کا بادشاہ مانتے ہوئے انہیں دھونی پر بھاری بتایا تھا، اگرچہ اس ٹویٹ پر دھونی کے مداح کے تبصرے آنے کے بعد انہوں نے اسے ڈیلیٹ کر دیا تھا۔ ہرش گوینکا نے اگلے ٹوئٹس میں پونے کے کھلاڑیوں منوج تیواری، اجنکیا رہانے، پیٹر یئدنسسٹین کو بہترین اسٹرائک ریٹ والا بلے باز بتایا تھا۔گوینکا کا یہ ٹویٹ دھونی کے مداحوں کو راس نہیں آیا اور گوینکا دھونی کے مداح کے نشانے پر آ گئے۔ ایک ٹویٹر یوزرس نے گوینکا کو کسی بھی آئی پی ایل ٹیم کا بدترین مالک قرار دیا، جبکہ کچھ مداح نے گوینکا کو کہا کہ اگر دھونی سے کچھ دقت ہے تو بزدل مت بنئے اور ان سے بات کیجئے۔