نیویارک،27جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں صدر نکولس مادورو اور اپوزیشن کے درمیان جاری سیاسی کشمکش میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک سو دو ہو گئی ہے۔ تازہ ترین ہلاک ہونے والا ایک تیس برس کا شخص ہے جو مغربی ریاست میریڈا میں ایک مظاہرے کے دوران مارا گیا۔ وینزویلا میں اپوزیشن نے اڑتالیس گھنٹوں کی مکمل ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ یہ ہڑتال بدھ چھبیس جولائی سے شروع ہے۔ اپوزیشن نے یہ ہڑتال اتوار کے روز ہونے والے اُن انتخابات کے خلاف کی ہے، جس میں ایک نئی اسمبلی کا چناؤ کیا جانا ہے۔ دوسری جانب امریکی حکومت نے چھبیس جولائی کو مادورو حکومت کے حامی مزید تیرہ افراد پرپابندیاں عائد کر دی ہیں۔