تروو ننت پور م، 24؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )نوٹ بند ی کا اثر بھلے ہی اب ختم ہو گیا ہو، لیکن مرکزی حکومت پر اس مسئلہ کو لے کر حملوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔تازہ معاملے میں کیرالہ کے گورنر پی سداشیو م نے تو نوٹ بند ی کو ہندوستان کی مالیاتی تاریخ کی سب سے خطرناک تباہی بتایاہے۔گورنرنے یہ تبصرہ سال کے پہلے اسمبلی سیشن کی افتتاحی تقریر کے دوران کیا ۔انہوں نے گزشتہ 4 ماہ کی تفصیل پیش کرتے ہوئے کہاکہ 8؍نومبر 2016کو حکومت ہند نے نوٹ بند ی کاسخت جلدبازی والافیصلہ نافذ کیا، جس نے چنندہ طریقے سے 500اور 1000روپے کے نوٹ کو چلن سے باہر کر دیا۔انہوں نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت پرانے نوٹوں کو تبدیل کرنے کے لیے کسی ٹھوس نظام قائم کرنے میں ناکام رہی۔انہوں نے کہا کہ اس قدم کو ظاہری طور پر سسٹم سے بلیک منی کو نکالنے والا بتایا۔نریندر مودی حکومت پر حملہ جاری رکھتے ہوئے سداشیو م نے بینک اکاؤنٹس سے نقد رقم نکالنے پر 24000روپے کی حد کو ظالمانہ اور بے رحمانہ فیصلہ بتایا۔انہوں نے کہا کہ آئین کی طرف سے جن حقوق کو تحفظ فراہم کرایا گیا ہے اسے محض ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ہوا میں اڑا دیا گیا۔سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس سداشیو م نے توجہ دلائی کہ اس عمل کے ذریعہ چلن میں رہی 86فیصد کرنسی کو کھینچ کر باہر نکال دیا گیا۔گورنر نے کہاکہ ریزرو بینک آف انڈیا جو ایک آزاد مالیاتی انتظامیہ کے طور پر کام کرتا ہے، کو بھی اس عمل میں ایک خاموش شریک بننے پر مجبور کر دیا گیا۔سداشیو م نے کہا کہ مرکز نے اس پر عملدرآمد کرتے وقت غریبوں، متوسط طبقہ، تنخواہ دار اور یومیہ مزدوروں کی پرواہ نہیں کی، انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اسے کسی سنجیدہ تجزیہ کے قابل نہیں سمجھا۔