نئی دہلی، 27جولائی(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز)راجیہ سبھا میں آج اپوزیشن نے غذائی اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو لے کر حکومت پر شدید حملہ بولتے ہوئے کہا کہ صرف جملوں سے بڑھی ہوئی قیمتیں کم نہیں ہوں گے اور حکومت کو اس سمت میں ٹھوس اقدامات کرنے چاہئے۔ساتھ ہی اپوزیشن پارٹیوں نے خام تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں آئی کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترنمول کانگریس کے ڈیریک اوبرائن نے ملک میں قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے پیداہوئی صورتحال پر قلیل مدتی بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ دال، سبزی سمیت خوردہ افراط زر میں 21فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج یہ حالت ہے کہ ہندوستان میں سبزی خور ہونا مہنگا ہے۔مچھلی، انڈے وغیرہ کی قیمتیں نسبتا کم ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی قسمت اچھی رہی ہے کیونکہ خام تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، لیکن اس کا مکمل فائدہ ملک کے صارفین تک نہیں پہنچایاگیا۔ترنمول لیڈر نے کہا کہ حکومت دالیں اور دیگر چیزیں افریقہ وغیرہ ممالک سے منگوا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم افریقی ممالک سے درآمد کی مخالفت نہیں کر رہے ہیں لیکن حکومت کو پڑوسی ممالک سے بھی درآمد کرنا چاہیے ۔ڈیریک نے ملک کی مختلف ریاستوں کی 40اہم مارکیٹوں میں غذائی اشیاءکی قیمتوں کی ایک تفصیلات ایوان کی میز پر رکھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت اسے کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت”اچھے دن“ لانے کا وعدہ کرکے اقتدار میں آئی ہے لیکن عام آدمی تک اچھے دنوں کا فائدہ نہیں پہنچا ہے۔کانگریس کی رجنی پاٹل نے کہا کہ آج ایک طرف آسمان چھوتی مہنگائی ہے تو دوسری طرف حکومت اسے روکنے کے لیے کچھ بھی نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہر چھوٹے بڑے معاملے پر ٹوئٹ کرتے ہیں لیکن مہنگائی کے معاملے پر انہوں نے ابھی تک ایک بھی ٹوئٹ نہیں کیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ یہ ’نعرہ باز حکومت‘ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مراٹھواڑہ جیسے کچھ علاقے ہیں جہاں آج تک بارش نہیں ہوئی ہے۔وہ خشک سالی سے بے حال ہیں، حکومت کو ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے فورا قدم اٹھانا چاہیے ۔رجنی نے کہا کہ حکومت نے قیمت استحکام فنڈ کے قیام کی سمت میں ابھی تک کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت صرف خواب دکھانا جانتی ہے اور اسے عام آدمی کی کوئی فکر نہیں ہے۔حکومت کے مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہنے کے اپوزیشن کے الزامات کو سرے سے خارج کرتے ہوئے بی جے پی کے پربھات جھا نے کہا کہ حکومت نے کئی ایسے اقدامات کئے ہیں جس سے کہ غذائی اجناس کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے میں مدد ملی ہے۔جھا نے کہا کہ حکومت نے دالوں کے بفر اسٹاک کو 8 لاکھ ٹن سے بڑھاکر20لاکھ ٹن کر دیا ہے۔ساتھ ہی سال 2016-17میں حکومت نے 1.19لاکھ ٹن دالیں کسانوں سے خریداری ہےں۔انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی ریاستوں کو دال کے لیے سبسڈی دی جا رہی ہے۔حکومت کی ان کوششوں کی وجہ سے دالیں پی ڈی ایس کے ذریعے نسبتا کم قیمتوں پر دستیاب کرائی جا رہی ہیں۔بی جے پی رکن نے الزام لگایا کہ اپوزیشن مہنگائی کے نام پر سیاست کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کا درد ہونا ایک بات ہے اور مہنگائی پر سیاست کرنا الگ بات ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ یو پی اے حکومت کے دور میں سبزیوں کی قیمتوں میں 300فیصد اضافہ ہوا تھا۔