موڈبیدری، 12 / نومبر (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 169 پر میجارو توداڑ میں انجینئرنگ کالج کے قریب ایک پرائیویٹ بس نے اسکوٹر کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں اسکوٹر پر سوار دونوں خواتین شدید زخمی ہوگئیں ۔ حادثے کے بعد مشتعل مقامی افراد اور طلبہ کے ہجوم نے حادثے کا سبب بننے والی بس پر پتھراو کیا اور احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
بے قابو بس کی زد میں آ کر زخمی ہونے والی خواتین کا نام سمترا اور سانوی بتایا جاتا ہے، جنہیں علاج کے لئے اسپتال میں منتقل کیا گیا ۔ پرائیویٹ بسوں کی بے پروائی سے ڈرائیونگ کے خلاف کڑے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کیا جانے والا احتجاجی مظاہرا تین گھنٹے تک چلا جس کے دوران مظاہرین بس پر بھی چڑھ گئے اور سنگ باری کی وجہ سے بس کے شیشوں کو بھی نقصان پہنچا ۔
معلوم ہوا ہے کہ تیز رفتار اور بے قابو بس نے پہلے ایک کالج بس کو ٹکر ماری پھر ہائی وے سے پھسل کر اسکوٹر سے ٹکرائی ۔ ایچ جے وی ، بی جے پی اور دیگر تنظیموں کے کارکنان نے موقع پر پہنچ بس ڈرائیور کے خلاف کڑی کارروائی کا مطالبہ کیا ۔
اس دوران بس کے مالک رفیق نے زخمیوں کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے اور قصوروار ڈرائیور کو معطل کرنے کا وعدہ کیا ۔ پنمبور اے سی پی سریکانت نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور بتایا کہ بس ڈرائیور اور کنڈکٹر کے خلاف کیس درج کیا جائے گا اور پرائیویٹ بسوں کی بے پروا ڈرائیونگ کے تعلق سے عوام کی مشکلات کا حل نکالنے کے لئے جلد ہی ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی ۔ اس کے بعد احتجاجی مظاہرا ختم کیا گیا ۔ نظام نامی بس ڈرائیور کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیا ۔