قاہرہ،5جون؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مصر نے قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے قطر کے تمام تر ذرائع نقل و حمل کے لیے اپنی فضائی حدود اور سمندری بندرگاہوں کو بند کر دیا ہے۔پیر کی صبح مصری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قاہرہ حکومت دوست اور برادر ممالک اور عرب اور بین الاقوامی کمپنیوں کو مطلع کرنے کے سلسلے میں ضروری اقدامات کرے گی تا کہ دوحہ کا رُخ کرنے والے اُن کے ذرائع نقل و حمل کے حوالے سے اس اقدام پر عمل کیا جائے۔
دوسری جانب مصری ماہرین نے اس فیصلے سے مرتب ہونے والے نتائج کا ذکر کیا ہے :
پہلا :قطر پر بحری اور فضائی بندش لاگو ہو جائے گی۔ قطری طیارے مصری فضاؤں کو عبور نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی مصر کے ہوائی اڈوں پر اتر سکیں گے۔ لہذا وہ اپنا روٹ تبدیل کرنے پر مجبور ہو جائیں گے جس کے نتیجے میں قطر کو پروازوں کے آپریشنز کی طوالت اور ایندھن کے اخراجات میں اضافے کے سبب کروڑوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ اس امر کا مطلب ہے کہ مسافر قطر ایئرویز سے منہ موڑ کر دیگر فضائی کمپنیوں کا رخ کریں گے جس سے قطر ایئرویز کو شدید خسارے کا سامنا ہوگا۔
دوسرا :سعودی عرب ، امارات ، بحرین اور مصر کی جانب سے قطر پر فضائی حدود کی پابندی عائد کرنے کے بعد یورپ کے لیے قطر کی واحد گزرگاہ ایران اور پھر ترکی ہوگا۔ اس کے نتیجے میں بھی آپریشنز اور پروازوں کا دورانیہ بڑھ جانے سے قطر کی معیشت کو اربوں ڈالروں کے نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
تیسرا :مصر کی سمندری حدود سے قطر کے بحری جہازوں کے نہ گزر سکنے کے سبب دوسرے راستوں کو اپنائے بغیر کوئی چارہ نہ ہوگا جو کہ تھکا دینے والے ، دور دراز اور اخراجات کو بڑھا دینے والے ہوں گے۔ ایسے میں بنیادی طور پر قطر کے جہاز ایران کا سہارا لے سکتے ہیں۔
چوتھا :سفارتی تعلقات منقطع ہونے کا مطلب قاہرہ میں قطر کے سفارت خانے کی بندش اور وہاں سے سفیر اور دیگر کام کرنے والے عملے کا کوچ کر جانا ہے۔ مصر کئی برسوں سے دوحہ میں اپنے سفارت خانے کا کام منجمد کر چکا ہے۔ اب اس فیصلے کے بعد تعلقات منقطع ہو جائیں گے۔ لہذا قطر کے شہری تعلیم ، سیاحت ، سیر یا سرمایہ کاری کے لیے مصر کا سفر نہیں کر سکیں گے اور دوسری جانب مصری شہریوں کو بھی قطر کے سفر کا ویزا حاصل کرنے میں مشکل کا سامنا ہو گا۔
پانچواں :دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تبادلے کا عمل رک جائے گا۔ نقل و حمل کی مشکلات اور تعلقات کے منقطع ہونے کے سبب قطر مصری مصنوعات کو درآمد نہیں کر سکے گا۔