ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش میں منشیات کا کاروبار عروج پر، پولیس کی سرپرستی کا الزام: کمل ناتھ

مدھیہ پردیش میں منشیات کا کاروبار عروج پر، پولیس کی سرپرستی کا الزام: کمل ناتھ

Mon, 11 Nov 2024 17:02:59  SO Admin   S.O. News Service

بھوپال، 11/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے ریاست میں بڑھتی ہوئی منشیات کی تجارت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش تیزی سے منشیات کے کاروبار کا گڑھ بنتا جا رہا ہے، اور الزام لگایا کہ اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کو پولیس کی پشت پناہی حاصل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ریاست میں گزشتہ کچھ دنوں میں نشیلی اشیا کی فراہمی سے متعلق بڑے انکشافات ہوئے ہیں۔ کئی گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔ اس کے باوجود نشیلی اشیا کی فراہمی کے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ اسی معاملے پر سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ مدھیہ پردیش نشہ کے کاروبار کا اہم اڈہ بنتا جا رہا ہے۔ کچھ دن قبل ریاست میں کروڑوں روپے کے ڈرگ کاروبار کا انکشاف ہونے کے بعد اب پولیس تھانے کے پاس نشہ کے دھندے کی خبر حیران کرتی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نشہ کے خاتمہ کے سبھی دعوے اور نشہ مافیاؤں کے خلاف چلائی گئی سبھی مہموں کی حقیقت اسی سے پتہ چلتی ہے کہ نشہ کاروباری اب پولیس تھانوں کے قریب بھی نشیلی اشیا فروخت کرنے میں نہیں ڈر رہے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ نشہ مافیاؤں کو پولیس کا تحفظ حاصل ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش کی عوام جنگل راج سے پریشان ہے۔ ہر طرف جرائم اور جرائم پیشوں کا بول بالا ہے۔ گھر سے نکلنا بھی غیر محفوظ ہوتا جا رہا ہے۔ ریاست کا نوجوان نشہ کی زد میں آ کر اپنا حال اور مستقبل برباد کر رہا ہے۔ انھوں نے سوالیہ انداز میں حکومت سے پوچھا کہ کیا حکومت صرف خاموش تماشائی بن کر نشہ کے کاروبار کو پھلتا پھولتا دیکھتی رہے گی، یا کبھی ٹھوس کارروائی بھی کرے گی؟

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھوپال میں ڈرگس بنانے والی ایک فیکٹری کا انکشاف ہوا تھا اور اس میں سینکڑوں کروڑ کی ڈرگس برآمد کیے جانے کے ساتھ کئی گرفتاریاں بھی ہوئی تھیں۔ اس کے علاوہ بھی کئی مقامات پر ڈرگس کی فراہمی کرنے والوں پر پولیس نے کارروائی کی ہے۔ اس کے باوجود ریاست کے مختلف حصوں میں ڈرگس کی سپلائی کے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کھانسی کی دوا کا استعمال بھی ریاست کے کئی حصوں میں نشہ کے طور پر کیا جا رہا ہے۔


Share: