لاہور،3جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)صوبہ سندھ کے شہر عمر کوٹ میں سول اسپتال کے ڈاکٹروں نے ایک خاکروب کے علاج میں مبینہ غفلت پر میڈیکل سپریٹنڈنٹ کی گرفتاری اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کے خلاف ہفتہ کو ہڑتال کی۔شائع شدہ اطلاعات کے مطابق اسپتال میں ڈاکٹروں کے نہ ہونے سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔دو روز قبل بلدیاتی محمکے کا ایک خاکروب عرفان مسیح دیگر دو ساتھوں سمیت ایک گندے نالے کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کا شکار ہوا اور جب انھیں اسپتال لایا گیا تو مبینہ طور پر ڈاکٹروں نے ان افراد پر لگی غلاظت کے باعث انھیں طبی امداد دینے سے انکار کر دیا۔عرفان مسیح بعد ازاں دم توڑ گیا جس پر اس کے لواحقین اور ساتھی کارکنوں شدید احتجاج کیا۔جمعہ کو پولیس نے سول اسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر جام کنبہار کو گرفتار کر لیا اور ڈاکٹر یوسف، ڈٓاکٹر اللہ داد راٹھور اور ڈٓاکٹر یوسف سمیت چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔عرفان مسیح کے ساتھ نالے کی صفائی کے دوران حالت غیر ہونے پر اسپتال لائے گئے دیگر خاکروبوں کو حیدرآباد منتقل کر دیا گیا تھا۔
شائع شدہ اطلاعات کے مطابق عرفان مسیح کے بھائی کا موقف ہے کہ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ وہ روزے سے ہیں مریض پر لگی غلاظت سے ان کے کپڑے خراب ہو جائیں گے لہذا پہلے مریض کو صاف کیا جائے۔ان کے بقول اسی دوران ان کا بھائی دم توڑ گیا اور اس کی ذمہ دار مبینہ طور پر ڈاکٹروں اور اسپتال انتظامیہ کی غفلت ہے۔