لکھنؤ، 20؍فرو ری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا ) بی ایس پی سپریمو نے آج سلطان پور کی ریلی میں وزیر اعظم مودی کو ان کی تقریر پر کرارا جواب دیتے ہوئے جوابی حملہ کیا ہے۔دراصل، وزیر اعظم مودی نے ارئی کی ریلی میں کہا تھا کہ بی ایس پی کا نام بدل کر ’بہن جی سمپتی پارٹی‘ ہو گیا ہے۔اس پر مایاوتی نے کہا کہ نہ ہی میں نے شادی کی اور نہ ہی جائیداد بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر میں جواب دینے کے لئے اُترگئی تو وزیر اعظم مودی جملے بازی کرنا بھول جائیں گے۔انہوں نے وزیر اعظم پر جوابی حملہ بولتے ہوئے مودی کو دلت مخالف بتایا ۔مایاوتی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نہیں جانتے ہیں کہ بی ایس پی پارٹی بعد میں ہے، پہلے وہ ایک تحریک ہے، میں نے شادی نہیں کی اور پوری زندگی اقلیتوں اور دلتوں کی فلاح وبہبود کے لئے وقف کردی ہے ۔مایاوتی نے مزید کہا کہ آج پی ایم مودی، بی ایس پی اور بی ایس پی کی سپریم لیڈر کے بارے میں اناپ شناپ بیان بازی کر رہے تھے، اس سے پتہ چلتا ہے کہ پی ایم کتنے دکھی ہیں۔انہوں نے آگے کہا کہ دلت کی بیٹی ہیلی کاپٹر میں گھومے ، یہ بات ان کو اچھی نہیں لگتی ہے ، ان کی منشا اتنی تھی کہ نوٹ بند ی الیکشن سے پہلے کر دو ،بی ایس پی غریب ہو جائے گی۔ارئی کی ریلی میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج بی ایس پی پارٹی کہاں سے کہاں پہنچ گئی، جب8 ؍نومبر کو میں نے ٹی وی پر آ کر کہا کہ جن بڑے بڑے لوگوں نے غریبوں کو لوٹا ہے، وہی 500اور 1000روپے کے نوٹ غریبوں کو لوٹانے ہوں گے، جب میں نے نوٹ بند ی کی اور ایس پی اور بی ایس پی جو ایک دوسری کی سخت مخالف ہیں، ایک ساتھ مل کر نوٹ بند ی کی مخالفت کرنے لگیں ۔مایاوتی پر طنز کستے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ بہن جی نے کہا کہ نوٹ بند ی کو لے کر پوری تیاری نہیں کی گئی تھی، حکومت نے نہیں کی تھی یا آپ نے نہیں کی تھی؟نوٹ بند ی سے زیادہ پریشانی انہیں اس بات کی ہے کہ انہیں تیاری کرنے کا موقع نہیں ملا، اب تو بی ایس پی کا نام تبدیل ہو گیا ہے، بہوجن سماج پارٹی نہیں رہ گئی ہے، بلکہ بی ایس پی’ بہن جی سمپتی پارٹی ‘بن گئی ہے۔