لکھنؤ،19؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش میں کل تیسرے مرحلے کی ووٹنگ ہوئی ،اس دوران بی ایس پی سپریمو نے بھی لکھنؤ میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ووٹ ڈالنے کے بعد انہوں نے اپنے ووٹر کارڈ اور انگلی پرلگی سیاہی کے نشانات کو دکھاتے ہوئے تمام لوگوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی دو مراحل کی پولنگ کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ بہوجن سماج پارٹی سب سے آگے رہنے والی ہے اور آنے والے مرحلے میں بھی وہ نمبر ون رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بی ایس پی مجموعی طور تقریبا 300سیٹیں جیتے گی اور اپنے دم پر حکومت بنائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دراصل اب یوپی کی عوام تبدیلی چاہتی ہے، عوام نے سماج وادی پارٹی اور بی جے پی دونوں کی حکومت کو دیکھ لیا ہے، سماج وادی پارٹی کے غنڈہ راج اور بدعنوانی سے عوام پریشان ہیں۔مایاوتی نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی پونے تین سال کی حکومت کے کام کاج کو بھی عوام دیکھ چکی ہے، مرکزی حکومت نے بھی صرف کھوکھلے وعدے کئے اورزمینی سطح پر کچھ نہیں کیا،اس لحاظ سے اب عوام صرف بی ایس پی کی ہی حکومت بنانے جا رہی ہے۔