لکہنو 17 نومبر ﴿ایس او نیوز﴾ لکھنو میں ایک پروگرام میں آئے وزیرریلوے پیوش گوئل کے ایک تبصرے پرریلوے ملازمین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے گوئل پر گملا پھینک دیا۔ اس دوران دھکا مکی اور ہاتھا پائی سے پروگرام میں افراتفری مچ گئی۔ ہنگامے کی شروعات وزیرریلوے کے اس بیان سے ہوئی جس میں وزیرریلوے نےکہا کہ یونین، ریل ملازمین کوگمراہ کررہی ہے۔ اس کے بعد دھکا مکی، نعرے بازی اورہنگامے کا دورشروع ہوکرکافی دیرتک چلتا رہا۔
ابھی یہ سب چل ہی رہا تھا کہ اسی بھیڑ میں سے کسی ملازم نے وزیرریل کی طرف گملا پھینک دیا، جس سے انہیں معمولی چوٹ آئی اور وہ سرسہلاتے ہوئے نظرآئے۔ اس گملے سے ان کے سیکورٹی اہلکارپنکج شکلا کو بھی چوٹ آئی۔
واضح رہے کہ پیوش گوئل یہاں ریلوے اسٹیڈیم میں اجلاس میں شامل ہونے آئے تھے، لیکن ان کی تقریرکے بعد ملازمین نے ان سے بدسلوکی کی۔ اس دوران ریل ملازمین کی دھکا مکی سے بچتے ہوئے وزیرریل کو بھاگنا پڑا۔ اجلاس میں خطاب کے دوران پیوش گوئل نے کہا کہ یونین لوگوں کوبہکا رہی ہیں۔ یہ نوجوانوں کوغلط راستے پرلے جارہی ہے۔
پیوش گوئل کے اس بیان کے بعد وہاں ہنگامہ شروع ہوگیا۔ یونین کے عہدیداروں نے نعرے بازی شروع کردی اورافراتفری کے درمیان پروگرام سے وزیرریل کو بھگا دیا۔