کنداپور ،12 / جنوری (ایس او نیوز) گہرے سمندر میں ماہی گیری کے لئے بُل ٹرالنگ اور لائٹ فشنگ جیسے غیر سائنسی طریقے اپنانے کے خلاف روایتی طرز کے ماہی گیروں نے کرناٹکا راجیہ سمپردائک دونی مینو گاررا اوکوٹا کی قیادت میں تراسی ساحل کے پاس زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
غیر سائنسی طرز ماہی گیری پر روک اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین نے ہائی وے روک کر احتجاج کیا ۔ تراسی سمندر میں ماہی کشتیوں کو لنگر انداز کیا گیا اور وارننگ دی گئی کہ اگر آنے والے دس دن کے اندر مطالبات پورے نہیں ہوئے تو متعلقہ افسران کے دفتروں کے سامنے غیر معینہ مدت کا احتجاجی مظاہرا شروع کیا جائے گا ۔
اس موقع پر بولتے ہوئے اوکوٹا کے صدر ناگیش کھاروی نے کہا کہ غیر سائنسی طرز پر ماہی گیری کی وجہ سے ایک طرف مچھلیوں کی نسل تباہ ہو رہی ہے تو دوسری طرف روایتی طرز کے ماہی گیروں کی روزی روٹی چھینی جا رہی ہے ۔ سمندر میں مچھلیوں کی افزائش میں کمی اسی طرح جاری رہی تو ماہی گیروں کو خالی ہاتھ گھروں کو بیٹھنا پڑے گا ۔
روایتی ماہی گیروں کی تنظیم کے دکشن کنڑا ضلع صدر وسنت سوورنا نے کہا کہ سرمایہ داروں کی طرف سے غیر سائنسی طرز پر چلائے جا رہے مچھلیوں کے شکار کی وجہ سے ساحلی کناروں پر مچھلیوں کی نسل ختم ہو رہی ہے ۔ ہم حکومت یا افسران نے کوئی بھی غیر ضروری مطالبہ نہیں کر رہے ہیں ۔ انہیں بس عدالت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے غریب ماہی گیروں کی زندگی بچانے کا موقع فراہم کرنا چاہیے ۔
اوکوٹا کے اعزازی صلاح کار نوین چندرا اوپوندا نے کہا کہ گزشتہ دس سال سے ایک تحریک کے روپ میں احتجاج درج کرنے کے باوجود حکومت یا وزیروں کا تعاون نہیں مل رہا ہے ۔ عدالت کی ہدایت ور مرکزی حکومت کے قوانین کو لاگو نہ کرنے کے خلاف ماہی گیروں کی تنظیم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے علاوہ گورنر کو یادداشت سونپے گی ۔
اتر کنڑا ناڈ ڈونی ماہی گیروں کے لیڈر سومناتھ موگیر نے کہا کہ سرکاری محکمہ کے افسران ماہانہ تنخواہ پر کام کرتے ہیں اس لئے انہیں ماہی گیروں کی مشکلات کا اندازہ نہیں ہے ۔ الگ الگ سروے میں الگ الگ رپورٹ پیش کی جاتی ہے، جس سے چھوٹے پیمانے پر مچھلیوں کا شکار کرنے والوں کے لئے مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔
بیندور کے ایم ایل اے گروراج گنٹے ہولے، سابق ایم ایل اے کے گوپال پجاری نے ماہی گیروں کے ساتھ احتجاجی مظاہرے میں حصہ لیا ۔
اس موقع پر محکمہ ماہی گیری اڈپی ضلع کے جوائنٹ ڈائریکٹر ویویک، دکشن کنڑا جوائنٹ ڈائریکٹر سدیّا، اڈپی ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر انجنا دیوی، کنداپور تعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوما لتا، ملپے محکمہ ماہی گیری دفتر کے ٹیکنیکل شعبہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر دیواکر کھاروی اور ایم ایل اے کو میمورنڈم سونپا گیا ۔
میمورنڈم وصول کرنے والے افسران نے کہا کہ 1986 ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے ۔ غیر قانونی انداز میں ماہی گیری کرنے والوں کے خلاف نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ اس طرح کی ماہی گیری کرنے والے کچھ افراد نے آئندہ اس طرز پر ماہی گیری نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ آنے والے دنوں میں افسران کی رپورٹ کی بنیاد پر اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔