لندن،4جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)برطانیہ میں مقامی ذرائع ابلاغ میں اور سوشل میڈیا پر اتوار کی صبح سے ایک دہشت ناک تصویر گردش میں ہے۔ اس تصویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر برطانوی پولیس ہفتے کی شام لندن میں ہونے والے دہشت گرد حملے سے فوری طور پر چوکنا ہو کر نہیں نمٹتی تو دارالحکومت میں کتنی بڑی تباہی پھیل سکتی تھی۔ایک مقتول شخص زمین پر پڑا ہوا نظر آرہا ہے۔ اس کے پورے جسم پر بارودی بیلٹ اور بم بندھے ہوئے ہیں۔ تصویر سے واظح طور پر لگتا ہے کہ برطانوی پولیس نے اس شخص کو خود کو دھماکے سے اڑانے سے قبل ہی ہلاک کر ڈالا۔ایسا نظر آتا ہے کہ یہ تصویر اُن ماہرین کے اس لاش کے پاس پہنچنے سے قبل لی گئی ہے جن کو یہ بارودی بیلٹ اور تمام دھماکا خیز مواد ناکارہ بنانا تھا۔سوشل میڈیا پر اس تصویر کو گردش میں لانے والوں کا کہنا ہے کہ اس خودکش حملہ آور کو "بورو مارکیٹ" میں ہلاک کیا گیا۔ یہ وہ ہی علاقہ ہے جہاں چاقو کے ذریعے اندھادھند واروں سے کئی افراد ہلاک اور زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس بات کا امکان ہے کہ مذکورہ حملہ آور نے پہلے چاقو سے وار کیے ہوں اور پھر اپنی گرفتاری کا منتظر ہو تا کہ پولیس اہل کاروں کے بیچ خود کو دھماکے سے اڑا دے۔ تاہم برطانوی پولیس نے خودکش کارروائی سے پہلے ہی اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
برطانوی دارالحکومت لندن میں ’’بورو مارکیٹ‘‘اور ’’بورو ہائی اسٹریٹ‘‘شہر کے وسط میں واقع ہیں۔ عام طور پر یہاں پیدل چلنے والوں اور ہفتے کی رات تفریح میں وقت گزاری کے لیے جگہاؤں کو تلاش کرنے والوں کا رش ہوتا ہے۔ لہذا اگر یہ مقتول خودکش حملہ آور خود کو اڑا دینے میں کامیاب ہو جاتا تو یقیناًہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوتی۔ابتدائی معلومات کے مطابق ہفتے کی شام تاخیر سے پانچ مختلف مقامات کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کے نتیجے میں 6افراد اور 2حملہ آور مارے گئے۔ مرکزی حملہ لندن کے وسط میں مشہور پُل پر ہوا جہاں ایک سفید رنگ کی ویگن نے لوگوں کو کچل ڈالا اور اس کے بعد ویگن سے تین افراد نے اتر کر پیدل چلنے والوں پر چاقوؤں سے اندھادھند وار کرنے شروع کر دیے۔