دبئی23جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ترک صدر رجب طیب ایردوآن آج سے خلیجی ممالک کے دو روزہ دورے کا آغاز کر رہے ہیں۔ترکی کے ایوان صدارت کے مطابق ایردوآن اپنے دورے میں سب سے پہلے کویت جائیں گے جہاں وہ قطر کے بحران کے آغاز کے بعد سے امیر کویت کی ثالثی کی کوششوں کے حوالے سے پیش رفت جانیں گے۔ کویت کے بعد ایردوآن ریاض اور دوحہ کا دورہ کریں گے تا کہ قطر اور انسداد دہشت گردی کو سپورٹ کرنے والے ممالک کے درمیان بحران کے حل کے واسطے ممکنہ اقدامات کو زیر بحث لایا جا سکے۔ترکی کے صدر کا یہ دورہ قطر کے بحران سے نمٹنے کے لیے خطے میں جاری سفارتی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔کئی عرب اور اسلامی ممالک نے قطر کی جانب سے دہشت گرد جماعتوں کی فنڈنگ اور ایران کے ساتھ اس کے اتحاد سے متعلق الزامات کی وجہ سے گزشتہ ماہ دوحہ کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔واضح رہے کہ انقرہ قطر میں فوجی اڈہ قائم کرنے کا فیصلہ واپس لینے یا دوحہ بھیجی جانے والی فوج کو واپس بلانے سے انکار کر چکا ہے۔