دوحہ:26/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ا یس انڈیا)قطر نے عندیہ دیا ہے کہ اگر عرب ممالک کی طرف سے دوحہ کا بائیکاٹ جاری رہا تو وہ اس کے خلاف عالمی قانون سے رجوع کرسکتا ہے۔روسی ٹیلی ویژن سیبات کرتے ہوئے قطری وزیر دفاع خالد العطیہ نے کہا کہ دوحہ کا بائیکاٹ جاری رہا تو ان کا ملک قانونی چارہ جوئی پر مجبور ہوسکتا ہے تاہم انہوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی۔
ایک سوال کے جواب میں خالد العطیہ کا کہنا تھا کہ بائیکاٹ کرنے والے ممالک کسی بھی قسم کے مذاکرات سے قبل قطر کا محاصرہ ختم کریں۔ قطری وزیر کی طرف سے بائیکاٹ ختم کرنے کی شرط ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں قطری امیر نے کہا تھا کہ وہ دہشت گردی کے الزامات کے جواب میں عرب ممالک سے مذاکرات کیلیے تیار ہیں۔ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ بائیکاٹ کے خلاف دوحہ کی رجوع کا عندیہ تشکیک کا شکار ہے۔ موجودہ حالات میں قطر عرب ممالک کے اقدامات کو بائیکاٹ کی اصطلاح سیجوڑ کر عالمی قانون کا سہارا نہیں لے سکتا۔