غزہ، 12/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مخالفتوں اور تنقید کے باوجود اسرائیلی جارحیت رکنے کا نام نہیں لے رہی۔ پیر کے روز غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی ٹینکوں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے کئی علاقوں کو خالی کرانے کی کوشش کی اور بے گھر ہونے والے لبنانیوں کو اوالی دریا کی سمت میں جانے کا حکم دیا۔ اسی دوران، اسرائیلی فوج نے غزہ کے کمال عدوان اسپتال کو دوبارہ نشانہ بنایا اور اس کے داخلی دروازے پر ڈرون حملہ کیا، جس میں تین فلسطینی زخمی ہو گئے۔
اتوار سے لے کر پیر تک شمالی غزہ پٹی میں اسرائیل کے ۲؍ فضائی حملوں میں کم از کم۴۴؍ فلسطینی مارے گئے۔ یہ اطلاع فلسطینی ذرائع نے اتوار کو دی۔ بتایا کہ اسرائیلی طیارے نے جبالیہ کے علاقے میں بے گھر افراد کے ایک رہائش پر بمباری کی جس سے وہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ فلسطینی طبی ذرائع نے بتایا کہ فضائی حملے میں ۱۳؍ بچوں سمیت۳۶؍ فلسطینی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ فلسطینی ڈاکٹروں کے مطابق، غزہ شہر پر ایک دیگر اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ شہر میں سماجی ترقی کے ڈائریکٹر وائل الخور اور ان کی اہلیہ اور بچوں سمیت ان کے خاندان کے ۷؍ دیگر افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسیز (آئی ڈی ایف) نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ اس کے فوجیوں نے جبالیہ میں آپریشنل سرگرمیاں جاری رکھی ہیں اور گزشتہ روز اس کے فوجیوں نے درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک اور متعدد بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کی سہولت کے علاقے کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۵۳؍ افراد ہلاک اور۹۹؍ دیگر زخمی ہوئے۔ لبنان کی وزارت صحت نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا’’گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ۵۳؍ افراد ہلاک اور۹۹؍ شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ‘‘ وزارت نے کہا کہ اس سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد۳۱۸۶؍اور زخمیوں کی تعداد۱۴؍ ہزار۷۸؍ ہو گئی ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے اتوار کی صبح شمالی لبنان کے تفریحی شہر بائبلوس سے۱۵؍ کلومیٹر دور المات کی بستی میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس میں بچوں سمیت۲۰؍ سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے شمالی لبنان میں دیر قانون، راس العین اور عین بعل کی بستیوں میں ایمبولینس ٹیموں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ۵؍ ایمرجنسی طبی رضاکار ہلاک ہوگئے۔