سدھارتھ نگر ، 25؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے عوام کو بی ایس پی سے ہوشیار رہنے کی نصیحت کرتے ہوئے آج کہا کہ بی ایس پی سپریمو مایاوتی کبھی بھی بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ کر سکتی ہیں۔اکھلیش نے یہاں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے لوگ گمراہ کر رہے ہیں،بی جے پی کے لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں، بی ایس پی سے بھی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، وہ(مایاوتی)کبھی بھی بی جے پی سے سمجھوتہ کر سکتی ہیں، دراصل وہ بی جے پی کی مدد کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی موقعوں پر اکھلیش انتخابی ریلیوں میں بی ایس پی کو موقع پرست قرار دیتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر وہ بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ کر سکتی ہے۔ماضی میں بھی مایاوتی نے بی جے پی لیڈروں کو راکھی باندھی ہے اور آگے بھی وہ رکشا بندھن منا سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایس پی غریبوں کی پارٹی ہے، کسانوں کی مدد کرنے والی پارٹی ہے، آنے والے دنوں میں عوام کو مزید سہولیات دی جائیں گی ، ایس پی کو اپنے اندازے میں عوام دیگرپارٹیوں سے بہتر پائے گی۔اکھلیش یادو نے کہا کہ بی ایس پی کی حکومت نہیں بن رہی، یہ بات سبھی جانتے ہیں، دیگر تمام سیاسی پارٹیاں اسی چکر میں ہیں کہ کہیں صرف ایس پی ہی آگے نہ نکل جائے۔اکھلیش نے اپنی حکومت کی حصولیابیاں شمار کرائی ، تو موجودہ انتخابات کے لیے جاری منشور میں کئے گئے وعدوں کو بھی دوہرایا ۔