دبئی28جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)عراق میں عدالتوں نے دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار1608افراد سمیت مجموعی طورپر 10ہزار 791قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عراقی جوڈیشل اتھارٹی کے ترجمان جسٹس عبدالستار بیرقدار نے ایک بیان میں بتایا کہ عدالتوں نے گذشتہ ماہ 16ہزار 626کیسز نمٹائے۔ اس دوران جیلوں میں قید 10ہزار 791قیدیوں کو عدم ثبوت کی بناء پربری کیاگیا۔جسٹس بیرقدار کا کہنا ہے کہ 1608قیدیوں کو دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا مگر ان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت فراہم نہیں کئے گئے۔ انہوں نے بتایاکہ9199افراد کو تفتیش کے مراحل کے دوران ہی رہا کردیا گیا تھا جب کہ بقیہ قیدیوں کو ٹرائل کے دوران رہا کیا گیا۔
کویت:رکن پارلیمان کو سعودی عرب اور بحرین کی توہین پر 14سال قید
کویت شہر28جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کویت میں ایک عدالت نے رکن پارلیمان عبدالحمید دشتی کو سعودی عرب اور بحرین کی توہین کے الزام میں قائم مقدمے میں قصور وار قرار دے کر چودہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ان کے خلاف کویت کی عدلیہ کی توہین کے الزام میں بھی مقدمہ چلایاگیاہے۔کویت کی قومی اسمبلی نے مارچ میں عبدالحمید دشتی کو حاصل پارلیمانی استثنیٰ ختم کردیا تھا اور یہ اقدام ان کے خلاف داخلی سلامتی کی بنیاد پر قانونی چارہ جوئی کے لیے دائر درخواست پر کیا گیا تھا۔عدالت میں اس کے بعد رکن پارلیمان کے خلاف سعودی عرب اور بحرین کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلانے کے الزام میں چلایا گیا ہے۔کویتی قانون کے تحت جو کوئی بھی فرد کسی دوسرے ملک کے خلاف مخالفانہ کارروائی میں قصور وار قرار دیا جائے،اس کو جیل کی سزا دی جائے گی۔اس مخالفانہ فعل سے یہ مراد ہے کہ اس سے کویت اس ملک کے ساتھ حالت جنگ میں آجائے یا اس سے سفارتی تعلقات منقطع ہوجائیں۔عبدالحمید دشتی نے شام کے الاخباریہ ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں24فروری کو سعودی عرب کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی اور تندوتیز زبان استعمال کی تھی۔اس پر کویت میں سعودی سفارت خانے نے وزارت خارجہ سے باضابطہ طورپر احتجاج کیا تھا اور ایک سرکاری میمو بھیجا تھا۔اس میں سعودی سفیر عبدالعزیز الفائز نے ریاست کویت کی وزارت خارجہ امور کی توجہ عبدالحمید دشتی کے سعودی عرب کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کی جانب دلائی تھی۔