دبئی28جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام میں امریکا کے زیرقیادت بین الاقوامی اتحاد کی حمایت یافتہ فورسز کو داعش تنظیم کے گڑھ منبج کے اطراف سے بڑی تعدادمیں دستاویزات اور ڈیجیٹل ڈیٹا ملا ہے۔ یہ تمام چیزیں سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے کنٹرول حاصل کرنے پر داعش کے ارکان کے اپنے ٹھکانے چھوڑ دینے کے بعد ہاتھ آئیں۔عراق میں امریکی فوج کے ترجمان کرنل کرس گارور کے مطابق یہ لوازمات منبج کے نواح میں واقع دیہاتوں کے درمیان قبضے میں آئے۔ان لوازمات میں لیپ ٹاپس سے نکالاگیاچارٹیرابائٹ سے زیادہ کا ڈیجیٹل ڈیٹا ، متعدد یو ایس بی ، ایڈوانس میتھس اور نیچرل سائنس کے متعلق کتابیں اور ان کے علاوہ وہ دینی کتب جن کو داعش نے اپنے ایجنڈے کے موافق بنانے کے لیے دوبارہ تیار کیا اور تنظیم کی قیادت کے درمیان متبادل خطوط شامل ہیں۔داعش کی جانب سے منبج کے اطراف میں واقع دیہاتوں میں چھوڑے جانے والے ان لوازمات کے مکمل تجزیے کے بعدامریکا کے زیرقیادت بین الاقوامی اتحاد کو داعش کے منصوبے اور اس کی ملیشیاؤں کی نقل و حرکت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اسی طرح تنظیم کے ارکان کے بارے میں نفسیاتی تاثر بھی مل سکے گا۔ ان تمام امور سے داعش کے خلاف لڑائی کے مشن میں بڑی حد تک معاونت حاصل ہوگی۔
اسرائیلی آرمی چیف کا10ماہ میں 166فلسطینیوں کو شہید کرنے کا اعتراف
مقبوضہ بیت المقدس 28جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اسرائیلی فوج کے سربراہ جنر گاڈی آئزنکوٹ نے اعتراف کیاہے کہ صہیونی فورسز نے گذشتہ 10ماہ کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں مختلف کارروائیوں کے دوران 166فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں مارے جانے والے بیشترفلسطینیوں میں فدائی حملہ آور تھے اور گذشتہ سات ماہ کے دوران ان کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ صہیونی آرمی چیف نے پارلیمنٹ کی خارجہ و دفاع کمیٹی کے سامنے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ 10 مہینوں میں فورسز نے غرب اردن سے فدائی حملوں کی منصوبہ بندی کے شبے میں 3200فلسطینیوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے200ہتھیاربرآمد کیے گئے ہیں۔غزہ کی پٹی کی صورت حال کے بارے میں بات کرتے ہوئے صہیونی آرمی چیف کاکہناتھا کہ غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس مضبوط ہوئی ہے مگر فی الوقت حماس کی طرف سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کاکوئی منصوبہ سامنے نہیں آیا ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ برس اکتوبر کے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ کیدوران غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ کارروائیوں میں دو سو سے زاید فلسطینیوں کوشہیداورہزاروں کو زخمی اور گرفتار کیا ہے۔