قاہرہ،26جولائی(ایس او نیوز/آئی این ا یس انڈیا)مصری فوج کا کہنا ہے کہ جزیرہ نما سینائی میں شدت پسندوں کے خلاف ایک آپریشن میں مزید چالیس عسکریت پسند ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ منگل کے روز مصری فوج کی جانب سے سامنے آنے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی دہشت گردی کے انسداد کے حوالے سے جاری آپریشن کا حصہ ہے۔ ایک روز قبل سینائی میں ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر کیے گئے ناکام کار بم حملے میں سات عام شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ فوج کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ ایک ٹینک کے ذریعے بارود سے بھری گاڑی کو روکا گیا اور پھر اس پر ٹینک دوڑا دیا گیا، تاہم یہ گاڑی اس دوران پھٹ گئی۔