بنگلورو۔30/جولائی(عبدالحلیم منصور؍ایس او نیوز) مہادائی تنازعہ پر ٹریبونل کے عبوری فیصلے کے کرناٹک کے خلاف جانے پر احتجاج کیلئے کل 1200سے زائد تنظیموں کی طرف سے کرناٹک بند کا اعلان کیا گیا ہے، جس پر زبردست عوامی رد عمل کے امکانات کو دیکھتے ہوئے معقول حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مہادائی مسئلے پر ہونے والے اس بند کی سرکاری ملازمین کے ایس آر ٹی سی وبی ایم ٹی سی ملازمین، آٹو رکشا ڈرائیور یونینوں، پٹرول بنکوں، نجی ٹرانسپورٹرس، مختلف دکانداروں کی انجمنوں وغیرہ نے بھرپور تائید کا اعلان کردیا ہے، جس کی وجہ سے راجدھانی بنگلور سمیت ریاست بھر کے مختلف شہروں میں بند کا زبردست ردعمل دیکھے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بنگلور میں بند کے دوران حفاظتی اقدامات سخت کرتے ہوئے پولیس نے اپنی سریع الحرکت فورس کے ساتھ بی ایس ایف کی ٹکڑیوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ بند کے دوران عوامی املاک کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچنے پائے پولیس حکام کو وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے سخت ہدایت جاری کی ہے۔ اس ہدایت کو دیکھتے ہوئے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ شمالی کرناٹک کے چار اضلاع کو پینے کے پانی کی فراہمی کے سلسلے میں مہادائی ٹریبونل کے روبرو دائر کرناٹک کی عرضی مسترد کئے جانے کے خلاف ریاستی عوام میں شدید غم وغصہ دیکھا جارہا ہے۔ ٹریبونل کے اس فیصلے کے خلاف اپنے ردعمل کے اظہار کیلئے کل ریاست گیر پیمانے پر یہ بند منایا جارہاہے۔ حالانکہ جمعرات کے دن شمالی کرناٹک کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر بند منایا گیا اور وہاں کی عوام نے اس فیصلے کے خلاف مرکزی حکومت اور ٹریبونل کو آڑے ہاتھوں لیا۔ سنیچر کو شہر میں بند کا زبردست اثر ہونے کے اندیشوں کو دیکھتے ہوئے پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے جہاں انتظامات کئے ہیں وہیں ریاست کے دیگر اضلاع بالخصوص ہبلی، دھارواڑ، نرگند، نول گند، بلگام وغیرہ میں بھی پرتشدد واقعات کے اندیشوں کو دیکھتے ہوئے معقول بندوبست کیا گیا ہے۔ اس دوران اعلیٰ پولیس عہدیداروں کو متاپثرہ اضلاع میں مقیم رہنے اور صورتحال کی نگرانی انفرادی طور پر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بند کی وجہ سے تشدد کے اندیشوں کو دیکھتے ہوئے احتیاطی طور پر پولیس نے مشتبہ عناصر کو گرفتار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاکہ اس احتجاج کی وجہ سے اگر عوامی جان ومال کو کوئی نقصان پہنچا تو ان علاقوں میں متعین پولیس افسران کو اس نقصان کا ذمہ دار ٹھہرایاجائے گا۔ وزیر داخلہ کی اس سخت تنبیہ کو دیکھتے ہوئے نظم وضبط کی نگرانی میں کسی طرح کی نرمی برتی نہیں جارہی ہے۔ نول گند اور نرگند میں کل بند کے دوران پیش آئے پرتشدد واقعات کی وجہ سے یہ ہدایت جاری کی گئی ہے۔ حالانکہ ان واقعات کے سلسلے میں 125 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔اس دوران کل کرناٹک بند کے پیش نظر نجی تعلیمی اداروں کی انجمن کسما نے اپنے تمام تعلیمی اداروں کو چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔ بنگلور رورل ضلع کے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ تعلیمی اداروں کو چھٹی دینے کا فیصلہ کل صبح صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد لیا جائے گا۔