ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست میں بس ہڑتال ختم ؛ حکومت کا ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ پر اتفاق

ریاست میں بس ہڑتال ختم ؛ حکومت کا ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ پر اتفاق

Thu, 28 Jul 2016 03:01:01  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو۔27جولائی(عبدالحلیم منصور؍ایس او نیوز) ریاستی سرکاری بس ملازمین نے تین دنوں کی ہڑتال کے بعد آخر کار ریاستی حکومت کی طرف سے 12.3 فیصد تنخواہوں میں اضافہ پر آمادگی کے ساتھ اپنا احتجاج واپس لینے کا اعلان کردیا۔ اس علان کے ساتھ ہی پچھلے 72 گھنٹوں سے مفلوج ریاست کی ٹرانسپورٹ سرویس بحال ہوگئی۔ آج وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی کے ساتھ اے آئی ٹی یو سی اور دیگر مزدور انجمنوں کے نمائندوں کی بات چیت کے بعد ریاستی حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں میں12.3 فیصد اضافہ پر اتفاق کرلیا۔ اس سے پہلے اپنے مطالبے میں نرمی لاتے ہوئے مزدور لیڈران نے 35 فیصد اضافہ کی شرط کو گھٹا کر 18 فیصد کیا ، تاہم وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ میٹنگ میں انہوں نے حکومت کی طرف سے 12.3 فیصد اضافہ کی پیش کش کو منظور کرلیا۔ میٹنگ کے بعد اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزدور یونین لیڈر اننت سبا را¶ نے ہڑتال واپس لینے کا اعلان کیا اور کہاکہ حکومت کی طرف سے ملازمین کے مطالبات کو منظور کئے جانے پر وہ حکومت کے مشکور ہیں۔ انہوںنے اعلان کیا کہ فوری طور پر کے ایس آر ٹی سی ملازمین ریاست بھر میں اپنی خدمات بحال کردیں گے اور مسافروں کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو یہ یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے حکومت کی طرف سے ملازمین کی مانگ کو تسلیم کرتے ہوئے 12.3 فیصد تنخواہوں میں اضافہ منظور کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ملازمین کی طرف سے جو مانگیں حکومت کے سامنے رکھی گئی تھیں ان میں سے 40کو بھی منظوری دی جاچکی ہے۔ حکومت کی طرف سے ملازمین کے مفادات کی حفاظت کا تیقن کراتے ہوئے مسٹر ریڈی نے مزدور لیڈران سے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کو بہتر سے بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات مہیا کرانے میں ملازمین کا تعاون ہمہ وقت حاصل ہو۔اس سے قبل آج تیسرے دن بھی ہڑتال جاری رہی۔ اور ریاست بھر میں عوام کو آنے جانے پریشانیوں کا سلسلہ لگا رہا۔ آج صبح ہڑتال ختم کرنے کیلئے کی گئی میٹنگ سے قبل وزیر ٹرانسپورٹ نے ملازمین کے مطالبات کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا سے تفصیلی بات چیت کی اور اس بات چیت کے بعد ہوئی میٹنگ میں ملازمین کے مطالبات سے اتفاق کرلیا گیا۔ اس دوران پچھلے تین دنوں سے ٹرانسپورٹ ہڑتال کے سبب عوام جن پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہاتھا وہ ختم ہوگئی۔ان ملازمین نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے تین دن سے ریاست بھر میں انہوں نے اپنے مطالبات پر زور دینے کیلئے پر امن طریقے سے احتجاج کیا ہے۔ اس احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے انہوں نے تمام ٹریڈ یونینوں کو مبارکباد دی۔ اور ان کے مطالبات منظور کرنے پر وزیر اعلیٰ سدرامیا اور وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹر رام لنگا ریڈی نے توقع ظاہر کی کہ فوری طور پر ریاست بھر میں بس سرویس بحال کردی جائے گی۔


Share: