ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / روس امریکی انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کر سکتا ہے: اوباما

روس امریکی انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کر سکتا ہے: اوباما

Thu, 28 Jul 2016 11:02:30  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن27جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)صدر باراک اوباما کے مطابق یہ ممکن ہے کہ روس نومبر کے امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے۔امریکی صدر نے یہ بات ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کی ای میلز کے بالکل اچانک منظر عام پر آنے کے پس منظر میں کہی۔واشنگٹن سے بدھ ستائیس جولائی کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق باراک اوباما نے یہ بات امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کے ساتھ مقامی وقت کے مطابق منگل کی رات نشر ہونے والے اپنے ایک انٹرویومیں کہی۔صدر اوباما نے کہا کہ ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی باقاعدہ نامزدگی سے قبل ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کی اندرونی ای میلز کے منظر عام پر آنے کے حوالے سے ماہرین کی رائے یہ ہے کہ یہ کام ممکنہ طور پر روسی کمپیوٹر ہیکرز نے کیا۔صدر اوباما سے جب پوچھا گیا کہ کیا روس آٹھ نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر سکتا ہے، تو باراک اوباما نے کہا، سب کچھ ممکن ہے۔ روئٹرز نے لکھا ہے کہ امریکی صدر کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی اس امر کی چھان بین کر رہا ہے کہ ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی یا DNC کی 19 ہزار سے زائد وہ ای میلز گزشتہ جمعے کے روز کس طرح منظر عام پر آئیں، جن سے یہ پتہ چلتا تھا کہ اس قومی کمیٹی نے پارٹی کی صدارتی امیدوار کے طور پر سینیٹر برنی سینڈرز کے بجائے سابق خاتون اول ہلیری کلنٹن کی حمایت کر دی تھی۔باراک اوباما نے مزید کہا، میں جانتا ہوں کہ ماہرین اس ہیکنگ کا ذمے دار روسیوں کو ٹھہرا رہے ہیں۔ ہم یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ روسی ہیکرز ہمارے کمپیوٹر سسٹمز کی ہیکنگ کرتے ہیں، نہ صرف حکومتی کمپیوٹر سسٹمز کی بلکہ نجی کمپیوٹر سرورز کی بھی۔ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کی ان ہزارہا اندرونی ای میلز کا افشاء ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے اتنا بڑا دھچکا تھا کہ ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی ڈی این سی کی خاتون سربراہ ڈیبی واسرمین شلز کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑ گیا تھا۔امریکا میں اس وقت ڈیموکریٹک پارٹی کا جو چار روزہ نیشنل کنونشن جاری ہے، اس میں کل منگل چھبیس جولائی کی رات فلاڈیلفیا میں پارٹی کنونشن کے مندوبین نے سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کو باقاعدہ طور پر اپنا صدارتی امیدوار نامزد کر دیا تھا۔امریکی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی یا ریپبلکن پارٹی جیسی کسی بڑی سیاسی جماعت نے کسی خاتون کو اپنا صدارتی امیدوارنامزدکیاہے۔ آٹھ نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں ہلیری کلنٹن کا مقابلہ اب ریپبلکن پارٹی کے امیدواراورارب پتی بزنس مین ڈونلڈ ٹرمپ سے ہو گا۔این بی سی نیوزکے ساتھ اپنے انٹرویو میں صدر باراک اوباما نے یہ بھی کہاکہ ڈی این سی کی ہزاروں ای میلز کے افشاء کے اسباب کے بارے میں براہ راست تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن میں اتناجانتا ہوں کہ ریپبلکن امیدوارڈونلڈٹرمپ بار بار روسی صدرولادیمیر پوٹن کے لیے تعریفی کلمات کہہ چکے ہیں۔باراک اوباما کے مطابق، میری رائے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی امیدوار کے طور پر روس میں ملنے والی کوریج میں کافی پسندیدگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فوج نے یکم جولائی کے خونریز حملے میں ملوث فلسطینی کو ہلاک کر دیا
مقبوضہ کنارہ27جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اُس نے اُس مشتبہ گروپ کا سراغ لگا لیا ہے، جس نے رواں ماہ کے آغاز پر مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک اسرائیلی فیملی کار پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا۔ یکم جولائی کے اِس خونریز حملے میں دَس بچوں کے باپ اڑتالیس سالہ ربی مِکی مارک کو ہلاک جبکہ اُس کی بیوی اور دو کم سِن بچوں کو زخمی کر دیا گیا تھا۔ فوج کے ایک بیان کے مطابق گزشتہ رات اس گروپ کے ایک ٹھکانے پر کی جانے والی کارروائی کے دوران محمد فقیہ نامی ایک فلسطینی، جس نے کار پر فائرنگ کی تھی،اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا جبکہ اُس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔


Share: