لکھنؤ، 25؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کانگریس کی سینئر لیڈر شیلا دکشت کی طرف سے راہل گاندھی کو ناسمجھ بتانے والے بیان کے بعد اب پارٹی نائب صدر کو سماج وادی پارٹی (ایس پی)کے صدر اکھلیش یادو کی حمایت ملی ہے۔راہل کو لے کر ’یوپی کو یہ ساتھ پسند ہے‘کی تصویر اور نعرہ شیئر کرنے والے اکھلیش نے اس معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کو گھیرا ہے۔اکھلیش نے کہا ہے کہ راہل اچھے سیاستدان ہیں،اپنی پارٹی کی اچھی طریقہ سے قیادت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہم میں پوری سمجھداری اور پوری ذمہ داری کے ساتھ ہم نے بی جے پی کو گھیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تو کہتے ہیں کہ وزیر اعظم اور بی جے پی کے قومی صدر ناتجربہ کار ہیں، یوپی کی سیاست اور یہاں کی ترقی دیکھ کر وہ خود تجربہ کار نہیں ہیں، کیونکہ جو کام ہم نے یہاں کیا ہے، بی جے پی ایسی ایک ریاست نہیں بتا پائے گی جہاں انہوں نے ایسا کام کیا ہو۔غور طلب ہے کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں گٹھ بندھن سے پہلے کانگریس کی طرف سے وزیر اعلی کے عہدے کی امیدوار شیلا دکشت نے ایک انگریزی اخبار کو دیئے انٹرویو میں راہل کے اندر پختگی کی کمی بتائی تھی، اس کے بعد سے ہی بی جے پی راہل پر حملہ آور ہو گئی تھی، تاہم شیلا دکشت نے بعد میں اپنے بیان کو توڑ مروڑ کرکے پیش کرنے کا الزام لگایا ہے۔