بھٹکل 29 جولائی (ایس او نیوز) اُترپردیش کے حساس شہر دیوبند میں ایک شخص کومبینہ طور پر مندر کی مورتیاں توڑنے کے الزام میں پکڑ کر پولس کے حوالے کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے تعلق سے پولس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت صادق کی حیثیت سے کی گئی ہے جوذہنی مریض ہے۔ مندر کی مورتیاں توڑنے کے الزام میں مسلم شخص کی گرفتاری پر پورے علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے، جبکہ اس واقعے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد قریب میں واقع ایک مسجد میں توڑپھوڑ کی گئی اور ایک دکان کو نذر اتش کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ حالات اب زیرقابو ہیں۔
مختلف اخباری رپورٹوں کے مطالعہ کے بعد پتہ چلا ہے کہ دیوبند شہر کے ونکھنڈی روڈ پر شاستری چوک کے قریب واقع ایک مندرکی دومورتیوں کو توڑنے کے الزام میں مقامی لوگوں نے ایک مسلم نوجوان صادق کوہتھوڑا سمیت پکڑلیا اوراس کی بری طرح پیٹائی کرنے کے بعد پولس کے حوالے کردیا۔ علاقے میں واقعہ کی خبر پھیلتے ہی سینکڑوں لوگ مندر کے آس پاس جمع ہو گئے. اس موقع پر مردوخواتین نے پولس اسٹیشن پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے ونکھنڈی روڈ کو بلاک کردیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ پولس صادق کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے دیگر ساتھیوں کا بھی پتہ چلائے اور اُنہیں بھی فوری گرفتار کرے۔
اس دوران خبر ملی ہے کہ مندرمیں مورتیوں کو نقصان پہنچانےکے کچھ ہی گھنٹوں بعد نامعلوم لوگوں نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے قریب میں واقع ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچایا اور توڑپھوڑ کی، جبکہ اقلیتی طبقہ کی ایک دکان کو نذر آتش کردیا گیا۔
پولس کے ایک اعلیٰ آفسر نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ پولس نے مورتیوں کو توڑنے والے ملزم کو ہتھوڑا سمیت گرفتار کر لیا ہے. مگر ابتدائی چھان بین سے پتہ چلا ہے کہ اس کا ذہنی توازن کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ البتہ پولس نے مورتیوں کو نقصان پہنچانے کے الزام میں کچھ نامعلوم شرپسندوں کے خلاف بھی معاملہ درج کرلیا ہے۔ پولس کے ایک اور آفسرکے مطابق 21 سالہ صادق مندر کے عقب میں ہی رہتا ہے، اس نے طاہر نامی شخص سے ہتھوڑا لیا تھا اور مندر میں گھس کر مورتیاں توڑ رہا تھا، جس کے دوران عوام نے اُسے پکڑ کر پولس کے حوالے کردیا۔ پولس کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ مندر کے واقعے کے فوری بعد کچھ لوگوں نے قریبی مسجد میں بھی توڑپھوڑ کی ہے ، مگر انتظامیہ نے فوری طور پر مسجد کی مرمت کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کرلیا ہے۔
مضافاتی ایس پی جگدیش شرما، ایس ایس پی پردیپ کمار یادو، اعلیٰ آفسر يوگیندر پال سنگھ ودیگرحکام فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور حالات کو قابو میں کرلیا۔ ایس پی جگدیش شرما نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد پورے ضلع میں حفاظتی انتظامات سخت کردئے گئے ہیں اور حالات زیرقابو ہیں۔