نئی دہلی، 21/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دیوالی سے قبل ہی دہلی کی فضاء شدید آلودگی کا شکار ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں 12 علاقے ریڈ زون میں شامل ہو چکے ہیں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر قریبی دنوں میں آلودگی سے کوئی خاطر خواہ ریلیف ملنے کے آثار نہیں ہیں۔ ایئر کوالیٹی وارننگ سسٹم کے مطابق اگلے تین دنوں تک دہلی کی ہوا کے معیار میں مزید بگاڑ پیدا ہو سکتا ہے، اور یہ "بہت خراب" زمرے میں جا سکتی ہے۔ ہوا کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے آلودگی کی سطح میں اضافہ ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث دہلی کے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اتوار کو دہلی کی ہوا 'خراب' زمرے میں ہی درج کی گئی۔ دہلی کا اوسط اے کیو آئی 277 رہا۔ ایک دن قبل یہ 278 درج کیا گیا تھا۔ دہلی کے 12 علاقوں کا اے کیو آئی 300 سے زیادہ یعنی انتہائی خراب زمرے میں درج کیا گیا۔ اس میں وزیر پور، آنند وِہار، جہانگیر پوری، مُنڈکا اور روہنی جیسے علاقے شامل ہیں۔ آنند وِہار کا اے کیو آئی سب سے زیادہ 359 رہا۔
وہیں موسمی تبدیلی کے درمیان دہلی میں اگلے کچھ دنوں تک درجہ حرارت میں گراوٹ کا امکان نہیں ہے۔ دن میں تیز دھوپ اور گرمی کا احساس بھی بنا رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 اور کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری رہ سکتا ہے۔ اس کے بعد بھی 26 اکتوبر تک درجہ حرارت میں کسی بھی طرح کی گراوٹ نہیں ہوگی۔ اس دوران آسمان صاف رہے گا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 19 سے 20 ڈگری کے قریب رہنے کا امکان ہے۔