نئی دہلی ، 13/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی میں ہفتہ کے بعد بارش تو نہیں ہوئی لیکن سردی کی شدت برقرار ہے اور لوگ دھوپ سے مایوس ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں کے لیے کہرے کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ منگل اور بدھ کو ’ویسٹرن ڈسٹربنس‘ کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے، اور بدھ کو کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ اسی دوران، اتر پردیش کے لکھنؤ اور دیگر کچھ اضلاع میں دیر رات اور صبح کے اوقات میں گھنے کہرے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
اتوار کو راجدھانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 2.6 ڈگری، کم سے کم 17.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 1.6 ڈگری، زیادہ سے زیادہ 9.0 ڈگری سیلسیس رہا۔ ہوا میں نمی کی سطح 100 سے 78 فیصد رہی۔ سب سے کم زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15.2 ڈگری پوسا کا رہا جبکہ کم سے کم 7.9 ڈگری آیا نگر کا درج ہوا۔
بارش کی بات کی جائے تو ہفتہ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے سے اتوار کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک 24 گھنٹے میں دہلی میں 2.2 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ پالم میں یہ 3٫4 ملی میٹر، لودی روڈ پر 2.0 ملی میٹر، رِج میں 1.7 ملی میٹر، آیا نگر میں 2.5 ملی میٹر، نجف گڑھ میں 5.5 ملی میٹر، پیتم پورہ میں 2.0 ملی میٹر، پوسا میں 2.5 ملی میٹر اور راج گھاٹ پر 1.3 ملی میٹر درج کی گئی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق پیر کی صبح بھی زیادہ تر علاقوں میں دھند اور ہلکا کہرا رہنے کا امکان ہے۔ کہیں کہیں گھنا کہرا بھی ہو سکتا ہے۔ شام اور رات کے وقت بھی یہی حالت بنی رہے گی۔ دن میں جزوی طور سے بادل چھائے رہیں گے۔
دوسری طرف اتر پردیش میں پیر کو موسم صاف رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لکھنؤ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21.3 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 11.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ پیر کو لکھنؤ اور آس پاس کے علاقوں میں صبح اور دیر شام گھنا کہرا ہونے کا امکان ہے۔