بھٹکل 12 / جنوری (ایس او نیوز) انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کے بینر تلے اتر کنڑا کے سب سے بڑے 'ٹریڈ ایکسپو' کا افتتاح شہر کے وینکٹاپور آئس فیکٹری کے قریب نیشنل ہائی وے سے متصل میدان میں وزیر برائے بلدی انتظامیہ رحیم خان کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔
بیدر سے خصوصی طور پر تشریف فرما رحیم خان اور محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے پرنسپال سیکریٹری محمد محسن (آئی اے ایس) نے ربن کاٹ کر ایکسپو کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رحیم خان نے کہا کہ انڈین نوائط فورم ساحلی علاقے کا ایک بااعتماد ادارہ ہے جو سماج کے لئے مفید سرگرمیاں انجام دے رہا ہے ۔آئی این ایف کی طرف سے ٹریڈ ایکسپو کا انعقاد کرنے پر انہوں نے منتظمین کی ستائش کی اور ایسے کاموں کے لئے حکومت کی طرف سے ہر طرح کی امداد فراہم کرنے کی بھی پیش کش کی۔ اور کہا کہ اس ایکسپو کے ذریعے مقامی تاجروں اور چھوٹے کاروباریوں کے لئے اپنی مصنوعات اور اشیاء فروخت کرنے کی بہترین سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا؛ یہ ایکسپو مقامی تاجروں اور کاروباری افراد کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کر سکتے ہیں، اس سے مقامی لوگوں کو فائدہ اُٹھانا چاہئے اورعوام کو ایسے مواقعوں سے روزگار حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے ۔ رحیم خان نے مزید کہا کہ بھٹکل کے مسلمان تعلیم اور تجارت دونوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جس کی بنیاد قرآن و سنت کے اصولوں پر ہے۔ ان کا کہنا تھا: "اللہ کی پہلی نازل کردہ آیت نے تعلیم پر زور دیا، اور نبی کریم ﷺ نے تجارت کے ذریعے مالی استحکام کی ترغیب دی۔ بھٹکل کے مسلمان ان اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔" انہوں نے اسے تمام مسلمانوں کے لئے ایک قابل تقلید نمونہ قرار دیا۔
محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے پرنسپال سیکریٹری محمد محسن نے کہا کہ اتر کنڑا میں کاروبار کے بے شمار مواقع ہیں ۔ یہاں کے ساحلوں پر 200 سے 300 تک افراد کو روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے ۔ اگر یہاں سیاحت کو فروغ دیا گیا تو پھر روزگار کی تلاش میں یہاں کے نوجوانوں کو دوسرے مقامات کی طرف جانے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔
آئی این ایف ایکسپو کے کنوینر معاذ جوکاکو نے تعارفی خطاب کیا ۔آئی این ایف کے جنرل سکریٹری نعمان پٹیل نے استقبال کیا اور نظامت کی ذمہ داری انجام دی، آئی این ایف کے صدر ارشد ایس ایم نے صدارتی خطاب کیا جبکہ عبدالمعید کاڈلی نے کلمات تشکر پیش کیے ۔بھٹکل کے قاضی صاحبان مولانا عبدالرب خطیبی ندوی اور مولا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے بھی حاضرین سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، انجمن حامی مسلمین کے صدر محمد یونس قاضیا، آئی این ایف کے ذمہ داران بالخصوص عبدالمجید جوکاکو، امتیاز دامدا، تنویر موٹیا، افتاب حُسین کولا، قمر الزماں موٹیا، غفران لنکا، وغیرہ موجود تھے ۔ ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے بھی ایکسپو کا دورہ کیا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
غیر قانونی تعمیرات کا سیٹلمنٹ : افتتاحی پروگرام میں شرکت کے بعد وزیر رحیم خان نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے مختلف مقامات پر درست اور ضروری دستاویزات فراہم کیے بغیر غیر قانونی طور پر مکانات اور دوسری عمارتیں تعمیر کرنے وجہ سے سڑک، پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم رہنے والوں کے مسائل کو حکومت نے 'ون ٹائم سیٹلمنٹ' اسکیم کے تحت حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس تعلق سے کابینہ میں تجویز پاس کی گئی ہے ۔ آئندہ دو تین مہینوں میں اس کا نفاذ عمل میں آئے گا ۔
مختلف اداروں اور تنظیموں کے نمائندوں نے وزیر موصوف سے ملاقات کرتے ہوئے شہر کے انڈر گراونڈ ڈرینیج کے مسائل، نامکمل ٹی ایم سی بھون، سی سی ٹی وی کی بدنظمی جیسے مسائل حل کرنے کے مطالبات میمورنڈم کے ذریعے پیش کیے ۔ غیر سائنسی طرز پر کیے گئے یو جی ڈی سسٹم کے ضمن میں اخباری نمائندوں کے استفسار کا جواب دیتے ہوئے وزیر رحیم خان نے کہا کہ اس تعلق سے ضلع ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں میٹنگ منعقد کرکے جائزہ لیا جائے گا اور قصور واروں کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے اس بات کا بھی تیقن دیا کہ بھٹکل ٹی ایم سی اور جالی پٹن پنچایت میں ضروری اسٹاف کی کمی کو ترجیحی بنیاد پر پورا کیا جائے گا ۔