ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین انتخابات کا نتیجہ 21 نومبر کو متوقع، 27 ستمبر کو ہوئی تھی ووٹنگ

دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین انتخابات کا نتیجہ 21 نومبر کو متوقع، 27 ستمبر کو ہوئی تھی ووٹنگ

Wed, 13 Nov 2024 17:14:28  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 13/نومبر (ایس او  نیوز/ایجنسی) دہلی یونیورسٹی طلبا یونین کے انتخابات کے نتائج کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ڈی یو طلبا یونین کے نتائج 21 نومبر کو جاری ہوں گے۔ یونیورسٹی افسران کے مطابق تقریباً دو ماہ کے طویل انتظار کے بعد نتائج سامنے آئیں گے۔ انتخابات 27 ستمبر کو ہوئے تھے، اور عام طور پر نتائج اگلے دن ہی آ جاتے ہیں، مگر کچھ وجوہات کی بنا پر اس بار یہ تاخیر ہوئی۔

دراصل انتخاب کے وقت یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پر پوسٹر چسپاں کیے گئے تھے۔ اس وہج سے دہلی ہائی کورٹ نے انتخاب کے ریزلٹ پر روک لگا دی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ یونیورسٹی میں لگائے گئے پوسٹر ایک ہفتہ میں صاف کیے جائیں اور جن مقامات پر پوسٹر لگائے گئے تھے وہاں پر رنگ و روغن کیا جائے۔ وقت پر صاف صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ووٹوں کی گنتی میں تاخیر ہوئی۔ اب ایک افسر نے جانکاری دی ہے کہ سنٹرل پینل اور کالج نمائندوں دونوں کے لیے ووٹوں کی گنتی 21 نومبر کو صبح 8.30 بجے الیکشن کمیشن کی ٹیم کی موجودگی میں دہلی یونیورسٹی کانفرنس سنٹرل میں شروع ہوگی۔

دہلی یونیورسٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کو اگزامنیشن ڈپارٹمنٹ کے ایک اسٹرانگ روم میں رکھا ہے، جس کی نگرانی پولیس ٹیم کی طرف سے کی جا رہی ہے۔ دہلی یونیورسٹی کے ایک افسر نے کہا کہ 21 نومبر کی ووٹ شماری کے لیے تیاریاں چل رہی ہیں۔ بیشتر صفائی کا کام پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔ شفافیت بنائے رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن کی ٹیم کی موجودگی میں ای وی ایم اور بیلٹ باکس کھولے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ڈی یو ایس یو کے سنٹرل پینل کے لیے پولنگ میں، جس میں صدر، نائب صدر، سکریٹری اور جوائنٹ سکریٹری کے عہدے شامل ہیں، ای وی ایم کا استعمال کیا گیا تھا۔ دوسری طرف کالج نمائندوں کے انتخاب کے لیے بیلٹ پیپر کا استعمال ہوا تھا۔ 11 نومبر کو ایک فیصلے میں دہلی ہائی کورٹ نے ریزلٹ پر لگی روک کو مشروط طور پر ہٹا دیا تھا۔ عدالت نے یونیورسٹی کو سبھی پوسٹر ہٹائے جانے کی شرط کے ساتھ 26 نومبر کو یا اس سے قبل نتائج جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔


Share: