نئی دہلی ،27مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچوں کی دو طرفہ سیریز پر چھائے بحران کے بادل فی الحال چھٹتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ اسی معاملے پر ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 29 مئی کو دبئی میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز پر ہوئے معاہدے کو لے کرمیٹنگ کرنے والے ہیں، جس میں آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے درمیان سیریز کروائے جانے پر بحث ہونی ہے لیکن موجودہ وقت میں دونوں ممالک کے درمیان بنے سیاسی حالات کو دیکھتے ہوئے مذاکرات کا مثبت حل نکلنا مشکل لگ رہا ہے۔دونوں ممالک کے 2014 میں ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے مطابق دونوں ممالک کو 2015 سے 2023 کے درمیان چھ دو طرفہ سیریز کھیلنی تھی لیکن ایسا نہیں ہوا اورہندوستان نے کوئی سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس مہینے کے آغاز میں پی سی بی نے بی سی سی آئی کو نوٹس بھیجا تھا اور نہیں ہوئی سیریز کے لئے نقصانات کاہرجانہ مانگا تھا۔کرک انفونے چودھری کے حوالے سے لکھا ہے کہ ہم کھیلنے کے لیے مصروف عمل ہیں، لیکن ہمارا موقف تبدیل نہیں ہو گا، سیریز ہندوستانی حکومت کی اجازت کے بغیر نہیں ہو سکتی، جب پی سی بی نے ہمیں خط بھیجا، اس کے بعد ہم نے حکومت ہند کو لکھا، ہمیں ان کے جواب کا انتظار ہے، میرا خیال ہے کہ بات چیت جاری رہنی چاہئے، اس لئے ہم ملاقات کر رہے ہیں۔اگرچہ اس کے باوجودیکم جون سے شروع ہو رہی چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان پہلا میچ 4 جون کو اپنی روایتی حریف پاکستان سے کھیلے گا۔ گزشتہ سال خطاب کی فاتح رہی ٹیم انڈیا پر اپنا خطاب بچا کر رکھنے کی اہم ذمہ داری ہوگی۔